دہشت گردی سے متاثرین کے لیے چار ایم بی بی ایس نشستیں مختص کی گئیں
جموں، 11 ستمبر(ہ س)۔ جموں و کشمیر بورڈ آف پروفیشنل انٹرنس ایگزامینیشنز (بوپی) نے تعلیمی سیشن 2026-27 کیلئے دہشت گردی کے متاثرین کے شریک حیات اور بچوں سے مرکزی پول کے تحت ایم بی بی ایس نشستوں کیلئے آف لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔ بورڈ کے مطابق مرکزی
دہشت گردی سے متاثرین کے لیے چار ایم بی بی ایس نشستیں مختص کی گئیں


جموں، 11 ستمبر(ہ س)۔

جموں و کشمیر بورڈ آف پروفیشنل انٹرنس ایگزامینیشنز (بوپی) نے تعلیمی سیشن 2026-27 کیلئے دہشت گردی کے متاثرین کے شریک حیات اور بچوں سے مرکزی پول کے تحت ایم بی بی ایس نشستوں کیلئے آف لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔

بورڈ کے مطابق مرکزی پول میں جموں و کشمیر کیلئے ایم بی بی ایس کی مجموعی طور پر چار نشستیں مختص کی گئی ہیں، جن میں ایک نشست اے این مگدھ میڈیکل کالج گیا، بہار، ایک گرانٹ میڈیکل کالج ممبئی، مہاراشٹر اور دو نشستیں پنڈت جے این ایم میڈیکل کالج رائے پور، چھتیس گڑھ میں ہیں۔

درخواست دینے والے امیدوار کا جموں و کشمیر کا مستقل باشندہ ہونا ضروری ہے اور وہ دہشت گردی میں جاں بحق یا معذور ہونے والے شہری کا شریک حیات یا بچہ ہونا چاہیے۔ امیدوار کی عمر داخلے کے وقت کم از کم 17 سال ہونی چاہیے۔

داخلے کیلئے امیدوار کا فزکس، کیمسٹری، بایولوجی یا بایوٹیکنالوجی اور انگریزی مضامین میں مقررہ اہلیت پوری کرنا اور نیٹ-یو جی 2026 میں مطلوبہ پرسنٹائل حاصل کرنا لازمی ہے۔ انتخاب نیٹ -یو جی 2026 میں حاصل کردہ رینک کی بنیاد پر ہوگا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے کوئی الگ امتحان منعقد نہیں کیا جائے گا۔

بورڈ نے بتایا کہ ترجیح سب سے پہلے ان بچوں کو دی جائے گی جن کے دونوں والدین دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے گئے ہوں۔ دوسری ترجیح ان بچوں کو دی جائے گی جن کے خاندان کا واحد کفیل دہشت گردی میں جاں بحق ہوا ہو، جبکہ تیسری ترجیح دہشت گردانہ کارروائی میں مستقل معذوری یا شدید زخمی ہونے والے متاثرین کے بچوں کو حاصل ہوگی۔ پہلی اور دوسری ترجیح کے تحت ایک خاندان کے صرف ایک بچے کو فائدہ دیا جائے گا۔

درخواست کے ساتھ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، نیٹ اسکور کارڈ، بارہویں جماعت کی مارک شیٹ، تاریخ پیدائش کا سرٹیفکیٹ اور متعلقہ زمرے کا سرٹیفکیٹ جمع کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ایف آئی آر، موت کا سرٹیفکیٹ، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مطلوبہ حلف نامہ بھی پیش کرنا ہوگا۔

درخواستیں بوپی کے جموں یا سرینگر دفاتر میں 15 ستمبر کو شام 4 بجے تک دو نقول میں جسمانی طور پر جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ صرف درخواست جمع کرانے سے امیدوار کا انتخاب یقینی نہیں ہوگا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande