
جموں، 11 ستمبر (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ کے رام گڑھ علاقے میں بھارت-پاکستان بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک مشتبہ غبارہ ملنے سے سکیورٹی حکام چوکس ہوگئے۔
ننگا گاؤں کے قریب ایک مقامی شخص کو پاکستان میں تیار کیا گیا پلاسٹک کا غبارہ ملا، جس پر پاکستان کا قومی پرچم بنا ہوا تھا اور اردو میں یوم آزادی کی مبارکباد کا پیغام درج تھا۔
مقامی شخص نے غبارہ مشتبہ نظر آنے پر بارڈر پولیس پوسٹ کامور کو اطلاع دی۔
پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر غبارے کو اپنی تحویل میں لے لیا اور ابتدائی جانچ کی۔
پولیس نے غبارہ ضبط کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ سیکورٹی ایجنسیوں کو بھی واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور علاقے میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔
حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ غبارہ ہوا کے ساتھ پاکستان سے بھارتی حدود میں پہنچا یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ ہے۔ جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی صورتحال واضح ہوسکے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر