
غازی آباد، 11 ستمبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے پر جمعرات کی دیر رات ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ویو سٹی تھانہ علاقے میں مہرولی کے سامنے ایک تیز رفتار کار آگے چل رہے کینٹر سے ٹکرا گئی۔ اس بھیانک حادثے میں کار سوار دو بھائیوں کی موت ہوگئی، جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
یہ حادثہ 10 ستمبر کی دیر رات پیش آیا۔ میرٹھ سے دہلی کی جانب جارہی تیز رفتار ٹاٹا زیسٹ کار ایکسپریس وے کی درمیانی لین میں چل رہے کینٹر سے پیچھے سے زور دار انداز میں ٹکرا گئی۔ راہگیروں کی اطلاع پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے سنجے نگر واقع ضلع اسپتال پہنچایا۔اسپتال میں ڈاکٹروں نے اگلی نشست پر بیٹھے دونوں نوجوانوں کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ پچھلی نشست پر بیٹھا نوجوان شدید زخمی تھا۔
پولیس کے مطابق متوفین کی شناخت سچن کمار (34) ولد دھرم ویر سنگھ، سکندرپور ککوڑی، بابو گڑھ (ہاپوڑ) کے اصل باشندے، اور انوج (32) ولد بچن سنگھ، گاؤں بھرنا، سمبھاولی (ہاپوڑ) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں فی الحال دہلی کے نجف گڑھ واقع رانا جی انکلیو میں رہتے تھے۔ سچن اور انوج آپس میں ممیرے اور پھوپھیرے رشتہ کے بھائی تھے۔ حادثے میں یوگیندر (30) ولد پونے سنگھ زخمی ہوگئے ہیں۔حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد یوگیندر کے بھائی سشیل اسپتال پہنچے اور بہتر علاج کے لیے انہیں ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا۔
اے سی پی ویو سٹی پریاشری پال نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ پولیس نے دونوں متوفین کی لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے بھیج دیا ہے اور اہل خانہ کو حادثے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
اے سی پی کے مطابق ابھی تک اس معاملے میں کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ پولیس نے دونوں تباہ شدہ گاڑیوں کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے جائے حادثہ کے آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی کھنگالی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan