
جموں، 11 ستمبر(ہ س)۔
جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات نے ڈوڈہ، کٹھوعہ اور ادھمپور اضلاع کے سنگم پر قائم مشترکہ عارضی آپریشنل بیس کا دورہ کرکے سیکورٹی صورتحال اور فورسز کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اس بیس پر اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی)، راشٹریہ رائفلز اورسی آر پی ایف کے اہلکار تعینات ہیں۔ دورے کے دوران ایس ایس پی ڈوڈہ کارتک شروتریہ نے ڈی جی پی کو ضلع کی موجودہ سیکورٹی صورتحال اور فورسز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
ڈی جی پی کے ہمراہ آئی جی پی جموں زون تیجندر سنگھ، ڈی آئی جی ڈوڈہ-رام بن-کشتواڑ رینج سرگن شکلا، ڈی آئی جی ادھمپور-ریاسی رینج شیو کمار شرما اور ایس ایس پی ڈوڈہ کارتک شروتریہ بھی موجود تھے۔
دریں اثنا، کٹھوعہ ضلع کے بلاور علاقے میں مشتبہ مسلح افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد سیکورٹی فورسز نے محاصرہ اور تلاشی کارروائی شروع کردی ہے۔ مقامی افراد نے علاقے میں مشتبہ مسلح افراد کے ایک گروپ کو دیکھنے کی اطلاع دی تھی۔
پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ سمیت دیگر سیکورٹی اہلکار علاقے میں تلاشی لے رہے ہیں، جبکہ خطے میں سیکورٹی اور نگرانی مزید سخت کردی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر