
یامی گوتم اپنی آنے والی فلم نئی نویلی میں بالکل مختلف اوتار میں نظر آئیں گی۔ فلم کا آفیشل ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں یامی کے کردار کی پراسرار دنیا کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ کلر یلو اور ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز کے بینر تلے تیار کی گئی اس فلم کی ہدایت کاری بالاجی موہن نے کی ہے۔ کہانی ہمانشو شرما اور دیویا ندھی شرما نے لکھی ہے۔ فلم کی کہانی ایک نئی شادی شدہ دلہن کے گرد گھومتی ہے جسے اس کا دیور غلطی سے ڈائن سمجھنے لگتا ہے۔
ٹیزر میرٹھ میں ایک عام خاندان سے شروع ہوتا ہے، جہاں یامی گوتم نئی بہو کے طور پر داخل ہوتی ہے۔ سب کچھ نارمل لگتا ہے، لیکن کہانی ایک دلچسپ موڑ لیتی ہے جب گھر کا چھوٹا بیٹا اپنی بھابھی پر ڈائن ہونے کا الزام لگاتا ہے۔ اس کے بعد یامی کی وہ روپ دکھائی دیتی ہے، جو اس سے پہلے کسی فلم میں نہیں دیکھی گئی ہے۔ اس کے کردار سے وابستہ پراسرار طاقتیں اور پوشیدہ راز کہانی کے سنسنی میں اضافہ کرتے ہیں۔
'نئی نویلی' میں یامی گوتم، سنیتا راجوار اور میتا وششٹ بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ ٹیزر نے فلم کی کہانی اور یامی کے کردار کے بارے میں سامعین کے تجسس کو بڑھا دیا ہے۔ مزاح، اسرار اور مافوق الفطرت واقعات سے بھرپور یہ فلم دسہرہ کے موقع پر 16 اکتوبر کو اسکرینوں پر آئے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی