
لکھنو، 10 ستمبر (ہ س)۔ اتر پردیش میں مانسون کی سرگرمیوں میں کمی کے باوجود مقامی سطح پر بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری ہے۔ لکھنو کے موسمیاتی مرکز کے تازہ ترین الرٹ کے مطابق آئندہ کچھ گھنٹوں کے دوران لکھنو، ہردوئی، کانپور دیہات، کانپور نگر اور اناو کے چند مقامات پر گرج چمک اور بجلی کڑکنے کے ساتھ درمیانی سے تیز بارش کا قوی امکان ہے۔
ریاست کے کئی حصوں میں جمعرات کے روز بادل چھائے رہے اور دارالحکومت لکھنو کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ مشرقی یوپی کے کچھ اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں، جبکہ وسطی اور مغربی یوپی میں بھی کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔
لکھنو موسمیاتی مرکز کے سینئر ماہرِ موسمیات اتل کمار سنگھ کے مطابق، ریاست میں فی الحال وسیع پیمانے پر شدید بارش کے حالات نہیں ہیں، لیکن مقامی موسمی کیفیات کے سبب چند علاقوں میں اچانک گرج چمک کے ساتھ تیز بوچھاریں پڑ سکتی ہیں۔ اگلے چند دنوں میں بھی متفرق مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ دارالحکومت لکھنو میں بھی جمعرات کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں بارش کی سرگرمیوں میں بتدریج کمی آنے کے آثار ہیں۔ 15-11 ستمبر کے درمیان ریاست میں بارش کا زور نسبتاً کم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کے خدشے کے پیشِ نظر عوام کو احتیاط برتنے کی صلاح دی گئی ہے۔ بارش کے دوران کھلے میدانوں، درختوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر اونچے مقامات سے فاصلہ بنائے رکھیں۔ کسانوں سے بھی گرج چمک کے دوران کھیتوں میں کام کرنے سے پرہیز کرنے اور موسم معمول پر آنے کے بعد ہی باہر نکلنے کی اپیل کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن