
دہرادون، 10 ستمبر (ہ س)۔ سیلاکوئی اسٹرائیکرز نے شاندار ہر فن مولا کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بدھ کی رات مسوری تھنڈرس کو 39 رن سے ہرا کر دہرادون ٹی20 لیگ 2026 کے افتتاحی سیزن کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ ابھیمنیو کرکٹ اکیڈمی میں بارش کے باعث فائنل مقابلہ 16-16 اوور کا کر دیا گیا تھا۔
ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے اتری سیلاکوئی اسٹرائیکرز نے اچھی شروعات کی، لیکن اس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز وجے شرما نے اننگ کو پوری طرح اپنے قابو میں لے لیا۔ انہوں نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے محض 31 گیندوں میں ناٹ آوٹ 103 رن بنا ڈالے۔ ان کی اننگ میں 5 چوکے اور 12 چھکے شامل رہے۔
وجے شرما کی دھماکہ خیز اننگ کی بدولت سیلاکوئی اسٹرائیکرز نے 16 اوور میں 3 وکٹ پر 192 رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ کپتان پیوش جوشی نے 27 اور سنسکار راوت نے 28 رن کا تعاون دیا۔ مسوری تھنڈرس کی جانب سے انمول شاہ، شبھم نیتھانی اور انشول کمار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
193 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری مسوری تھنڈرس کی شروعات بے حد خراب رہی۔ ٹیم نے محض 9 رن کے اسکور پر اپنے دونوں سلامی بلے بازوں کے وکٹ گنوا دیے۔ اس کے بعد انمول شاہ نے 28، کپتان اکھل سنگھ راوت نے 32 اور جونٹی نے 29 رن کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی امیدیں جگائیں۔
تاہم سیلاکوئی اسٹرائیکرز کے گیند بازوں نے وقفے وقفے سے وکٹیں نکالتے ہوئے مسوری تھنڈرس کو بڑی شراکت داری قائم کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ نیشو پٹیل اور سدھارتھ گپتا نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے تین تین وکٹ لیے، جبکہ پرینک سنگھ اور ابھے چھتری کو ایک ایک کامیابی ملی۔
مسوری تھنڈرس کی پوری ٹیم 14.4 اوور میں 153 رن پر سمٹ گئی۔ اس طرح سیلاکوئی اسٹرائیکرز نے 39 رن کی شاندار جیت درج کرتے ہوئے دہرادون ٹی20 لیگ کے پہلے سیزن کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔
ٹورنامنٹ کے کامیاب اختتام کے بعد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو انفرادی انعامات سے بھی نوازا گیا۔ فائنل میں 31 گیندوں پر ناٹ آوٹ 103 رن کی دھماکہ خیز اننگ کھیلنے والے سیلاکوئی اسٹرائیکرز کے وجے شرما کو ’پلیئر آف دی میچ‘ منتخب کیا گیا۔
ٹورنامنٹ کی 5 اننگز میں 193 رن بنانے والے پیوش جوشی کو بہترین بلے باز کا انعام ملا۔ پرینک سنگھ 6 اننگز میں 13 وکٹ لے کر بہترین گیند باز چنے گئے۔
مسوری تھنڈرس کے انشول کمار نے 3 اننگز میں 8 وکٹ لے کر ’ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ کا اعزاز حاصل کیا۔ پرینک سنگھ کو ان کے ہر فن مولا مظاہرے کے لیے ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ منتخب کیا گیا۔ انہوں نے اس مقابلے میں 24 رن بنانے کے ساتھ 13 وکٹ بھی لیے۔
سیلاکوئی اسٹرائیکرز کے افتتاحی خطاب کے ساتھ دہرادون ٹی20 لیگ کا پہلا سیزن یادگار انداز میں اختتام پذیر ہوا۔ سنسنی خیز فائنل اور کھلاڑیوں کی شاندار انفرادی کارکردگی نے لیگ کے پہلے ایڈیشن کو کامیاب انجام تک پہنچایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن