پیاز نے کچن کا بجٹ بگاڑا، خوردہ بازار میں قیمت 70 روپے فی کلو
نئی دہلی، 10 ستمبر (ہ س)۔ ملک میں بارش اور تہواروں کی مانگ نے عام آدمی کی تھالی کا ذائقہ اور بجٹ دونوں بگاڑ دیے ہیں۔ باورچی خانے کا بنیادی جزو سمجھی جانے والی پیاز اب چینی کو ٹکر دے رہی ہے۔ دہلی-این سی آر میں 40 روپے فی کلو فروخت ہونے والی پیاز ک
علامتی تصویر


نئی دہلی، 10 ستمبر (ہ س)۔ ملک میں بارش اور تہواروں کی مانگ نے عام آدمی کی تھالی کا ذائقہ اور بجٹ دونوں بگاڑ دیے ہیں۔ باورچی خانے کا بنیادی جزو سمجھی جانے والی پیاز اب چینی کو ٹکر دے رہی ہے۔ دہلی-این سی آر میں 40 روپے فی کلو فروخت ہونے والی پیاز کی خوردہ قیمت 65 سے 70 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ خوردہ بازار میں چینی 70 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ اگرچہ حکومت پیاز اور چینی کے دام کم ہونے اور سپلائی بڑھانے کا دعویٰ کر رہی ہے۔

ایشیا کی سب سے بڑی تھوک پھل اور سبزی منڈی، آزاد پور کی پیاز ایسوسی ایشن کے صدر راجندر شرما نے جمعرات کو ’ہندوستھان سماچار‘ کو بتاتے ہوئے کہا کہ منڈی میں آج پیاز تھوک میں 35 سے 50 روپے فی کلو گرام تک فروخت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیاز کی آمد میں فی الحال کوئی دقت نہیں ہے۔

شرما نے بات چیت میں بتایا کہ منڈی میں پیاز 25 سے لے کر 50 روپے فی کلو گرام تک فروخت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر 35 سے 40 روپے والی پیاز خوردہ بازار میں خریدی جاتی ہے، جبکہ 50 روپے فی کلو تھوک بازار میں فروخت ہونے والی پیاز ہوٹلوں میں سپلائی ہوتی ہے۔

ملک کے کئی حصوں میں سبزیوں کی قیمتیں تیزی سے بڑھنے لگی ہیں۔ مانسون کے آغاز میں تاخیر اور کمزور بارش کی وجہ سے سبزیوں کی پیداوار پر بھی اثر پڑا۔ وہیں، مانسون کے چوتھے مرحلے میں ہونے والی موسلادھار بارش نے منڈیوں تک سبزیوں کی سپلائی کو بھی متاثر کیا ہے۔ مانگ کے مقابلے رسد کم ہونے کا براہِ راست اثر اب عام آدمی کی رسوئی کے ساتھ ساتھ بجٹ پر بھی نظر آ رہا ہے۔

اس دوران مرکزی حکومت بڑھتی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اپنے بفر اسٹاک سے ملک کے منتخب شہروں میں 35 روپے فی کلو گرام کی رعایتی قیمت پر پیاز فروخت کرنے کا دعویٰ تو کر رہی ہے، لیکن دہلی-این سی آر کے زیادہ تر علاقوں میں اس پیاز کی سپلائی اور فروخت دیکھنے کو نہیں ملی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے ابتدائی 10 دنوں میں تقریباً 17 سے 19 شہروں میں تقریباً 4 ہزار ٹن بفر اسٹاک سے پیاز فروخت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ سستی پیاز نیشنل کنزیومر کوآپریٹو فیڈریشن آف انڈیا (این سی سی ایف)، مدر ڈیری کے سفل اسٹورز، نیشنل ایگریکلچرل کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا (نیفڈ) اور کیندریا بھنڈار کے آوٹ لیٹس نیز موبائل وین کے ذریعے فروخت کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande