
کھونٹی، 10 ستمبر (ہ س)۔ شہر کے مصروف بھگت سنگھ چوک واقع پیٹرول پمپ پر بدھ کی رات ہوئی فائرنگ کے واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
موٹر سائیکل سوار دو نقاب پوش جرائم پیشہ افراد نے پیٹرول پمپ پر فائرنگ کرنے کے بعد مبینہ طور پر ممنوعہ انتہا پسند تنظیم پی ایل ایف آئی کے نام کا پرچہ چھوڑا اور تورپا روڈ کی جانب فرار ہو گئے۔ پرچے میں پیٹرول پمپ کے مالک امت ساہو سے دو دن کے اندر 10 لاکھ روپے تاوان دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ رقم نہ دینے پر سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔
واقعہ دیر رات کا بتایا جا رہا ہے۔ اس وقت امت ساہو پیٹرول پمپ پر موجود نہیں تھے۔ اسی دوران چہرے پر کپڑا باندھے دو نوجوان موٹر سائیکل سے وہاں پہنچے۔ ایک جرائم پیشہ شخص نے فائرنگ کی اور دونوں پرچہ چھوڑ کر موٹر سائیکل سے فرار ہو گئے۔
فائرنگ کی آواز سن کر پمپ پر موجود لوگوں میں افراتفری مچ گئی۔ تاہم واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او منگل سنگھ جمودا اور صدر تھانہ انچارج اشوک کمار سنگھ مسلح فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک خول اور مبینہ پی ایل ایف آئی کا پرچہ برآمد کیا۔ یہ پرچہ مبینہ زونل کمانڈر راجیش یادو کے نام سے بتایا جا رہا ہے۔ پولیس اس کی صداقت کی جانچ کر رہی ہے۔
پیٹرول پمپ کے مالک امت ساہو نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اس سے پہلے بھی دو، تین مرتبہ دھمکیاں مل چکی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کچھ سال قبل پرول واقع ان کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا۔
پولیس اب سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر دونوں جرائم پیشہ افراد کی شناخت میں مصروف ہے۔ تھانہ انچارج نے پمپ پر ایک فائر کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد