
بہار میں سیلاب متاثرین کے لیے حکومت پوری طرح مستعد : 33.88 لاکھ لوگوں کو صبح و شام کا کھانا فراہم، 951 کمیونٹی کچن فعال
۔ گنڈک اور کوسی ندیوں کی پانی کی سطح فی الحال مستحکم، محکمۂ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی صورتحال پر مسلسل نظر
پٹنہ، 10 ستمبر(ہ س)۔ ریاست کے کئی اضلاع میں سیلاب کی صورتحال کے درمیان ریاستی حکومت پوری مستعدی کے ساتھ راحت اور بچاؤ کے کاموں کو متاثرین تک پہنچانے میں مصروف ہے۔ اس سلسلے میں محکمۂ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے بھی مسلسل بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق محکمہ کی جانب سے اب تک 33.88 لاکھ سیلاب متاثرین کے درمیان دن میں دو وقت کا کھانا پہنچایا جا چکا ہے۔ اس کے لیے ریاست میں مجموعی طور پر 951 کمیونٹی کچن چلائے جا رہے ہیں۔
محکمہ کے افسران کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے تحت 15 راحتی کیمپ چلائے جا رہے ہیں، جہاں 11 ہزار 255 سیلاب متاثرین کے قیام، کھانے اور طبی سہولیات سمیت تمام ضروری انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کے لیے تقریباً 2.57 لاکھ پولیتھین شیٹ اور 40 ہزار 600 خشک راشن پیکٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے 1,932 کشتیوں کو چلایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ان علاقوں میں مویشیوں کے لیے 6,692 کوئنٹل چارہ تقسیم کیا گیا ہے۔ محکمہ کے افسران نے بتایا کہ آفت سے نمٹنے کے لیے ریاست کے مختلف اضلاع میں ایس ڈی آر ایف کی 27 اور این ڈی آر ایف کی 10 ٹیمیں تعینات ہیں۔
ریاست کے 14 اضلاع — پٹنہ، بھوجپور، سارن، ویشالی، بھاگلپور، بیگوسرائے، بکسر، سمستی پور، مونگیر، کٹیہار، لکھی سرائے، کھگڑیا، پورنیہ اور ارول کے 85 بلاکوں کی 527 گرام پنچایتوں میں تقریباً 43.64 لاکھ آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی ہے۔ گنڈک، کوسی، گنگا، پن پن، باگمتی اور گھاگھرا سمیت اہم ندیاں کئی مقامات پر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ تاہم گنڈک اور کوسی ندیوں کا پانی کا بہاؤ فی الحال مستحکم ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں کے دوران بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے اور صورتحال پر مسلسل نگرانی رکھی جا رہی ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan