
لاہور، یکم ستمبر (ہ س)۔ پاکستان کرکٹ میں دورہ انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں جس کے بعد سابق کپتان مصباح الحق نے مردوں کی قومی سلیکشن کمیٹی سے مستعفی ہونے کی پیشکش کر دی ہے۔حالانکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ابھی تک ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق، مصباح نے لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کنسلٹنٹ کے عہدے سے بھی دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا یہ قدم انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران پی سی بی کی جانب سے ٹیم اور کوچنگ اسٹاف میں ردوبدل کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔
پاکستان تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے پیچھے ہے۔ لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں اسے 194 رن سے ہارکا سامنا کرناپڑا تھا۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تیسرے ٹیسٹ سے قبل ٹیسٹٹیم سے سات کھلاڑیوں کو رہا کر دیا۔ ان میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان آغا، علی عثمان، عامر جمال، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور گیندبازی کوچ عمر گل کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
ٹیسٹ ٹیم میں پانچ نئے چہرے
پی سی بی نے پانچ ان کیپڈ کھلاڑی عرفات منہاس، محمد عمران جونیئر، سعد بیگ، محمد عمران رندھاوا اور رضاءاللہ کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا ہے۔ ان کے علاوہ صائم ایوب اور عبداللہ فضل بھی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور بولنگ کوچ ایشلے نوفکے کو ٹیسٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل کیا گیا ہے۔ تیسرا ٹیسٹ 9 ستمبر سے ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی میں کئی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں مصباح
پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتانوں میں سے ایک مصباح نے 2017 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد سے پی سی بی میں مختلف ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ 2019 میں انہیں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی دوہری ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ انہوں نے اکتوبر 2020 میں چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑ دیا تھاجبکہ اگلے سال ہیڈ کوچ کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا۔
اس کے بعد وہ پی سی بی کے ساتھ مختلف عہدوں پر خدمات انجام د یتے رہے۔ 2024 میں، انہیں مردوں کے چیمپئنز کپ مقابلے کے لیے پانچ مینٹرس میں سے ایک نامزد کیا گیا۔ انہوں نے گھریلو خواتین کی ٹیموںکو بھی مینٹر کیا۔
مصباح نے گزشتہ ماہ ملتان میں منعقدہ 50 اوورز کے نیشنل چیمپئنز کپ میں پاکستان گولڈ ٹیم کی کوچنگ کی تھی جس نے شاہین آفریدی کی کپتانی میں خطاب جیتا تھا۔
رواں سال مارچ میں مصباح کو چار رکنی سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا جس میں عاقب جاوید، سرفراز احمد اور اسد شفیق بھی شامل تھے۔اس کے ساتھ ہی وہ پی سی بی کے ساتھ سال میں 180دن کی ذمہ داری والے بیٹنگ کنسلٹنٹ کے معاہدے پر بھی تھے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد