اے ایم یو کی اردو اکادمی کے زیر اہتمام ہفت روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد
اے ایم یو کی اردو اکادمی کے زیر اہتمام ہفت روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد علی گڑھ، 06 اگست (ہ س)۔ مرکز پیشہ ورانہ فروغ برائے اردو اساتذہ (سی پی ڈی یو ٹی، اردو اکادمی)،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے زیر اہتمام اردو اساتذہ کے لیے ہفت روزہ ریفریشر کورس کا اف
اردو اکیڈمی


اے ایم یو کی اردو اکادمی کے زیر اہتمام ہفت روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد

علی گڑھ، 06 اگست (ہ س)۔ مرکز پیشہ ورانہ فروغ برائے اردو اساتذہ (سی پی ڈی یو ٹی، اردو اکادمی)،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے زیر اہتمام اردو اساتذہ کے لیے ہفت روزہ ریفریشر کورس کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے شرکت کی۔ جبکہ مہمان اعزازی کے طور پر ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن کی ڈائریکٹر پروفیسرقدسیہ تحسین موجود تھیں۔ مرکز پیشہ وارانہ فروغ برائے اردو اساتذہ کے ڈائریکٹر پروفیسر زبیر شاداب خان نے میزبانی کی۔ ریفریشر کورس 13 اگست تک جاری رہے گا۔

‘جدید طریقہ تدریس’ کے موضوع پر آراستہ ہفت روزہ ریفریشر کورس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ ریفریشر کورسز کے انعقاد سے اساتذہ کو نئی روشنی اور نئی توانائی حاصل ہوتی ہے۔ اردو اساتذہ کے لیے جدید طریقہ تدریس پر مبنی مختلف تربیتی پروگراموں کا انعقاد وقت کا تقاضا بھی ہے اورہماری ضرورت بھی۔ اس طرح کے تربیتی پروگراموں سے اردو کے اساتذہ اردو زبان و ادب کی تدریس کے جدید طریقہ کار سے واقف ہوں گے اوروہ اپنے اسکولی طلباو طالبات کے لیے بہتر تعلیم و تربیت کی فضا ہموار کر سکیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عہد حاضر میں یہ ممکن ہی نہیں کہ جدید تدریسی معلومات حاصل کیے بغیر کوئی بھی استاذ ایک بہتر اور موثر طریقہ تعلیم پیش کر سکے۔انہوں نے کہا کہ اس ریفریشر کورس میں مختلف ماہرین کے لیکچرز اور جدید معلومات سے اردو زبان و ادب کے اساتذہ کو ایک نئی راہ ملے گی۔

پروفیسر قدسیہ تحسین نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے وابستہ 10 اسکولوں کے اردو اساتذہ کے لیے منعقدہ اس ریفریشر کورس سے ایک مثبت نتیجہ برآمد ہوگا اور اردو جیسی بڑی زبان کے اسباق کی تدریس کے لیے ہمارے اساتذہ ازسرنو تازہ دم ہوں گے۔

پروفیسر زبیر شاداب خان نے اپنے تعارفی کلمات میں ہفت روزہ ریفریشر کورس کے انعقاد کے لیے وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی دلچسپی کے سبب ہی ہم اردو اکادمی کی اصل کارکردگی کو عملی جامہ پہنانے کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اردو اساتذہ کے لیے مؤثر تدریسی طریقہ تعلیم اور نصابات تعلیم کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے آف لائن کے ساتھ ساتھ آن لائن تربیتی پروگراموں کے انعقاد کا بھی ہمارا منصوبہ ہے۔

اس ہفت روزہ پروگرام کے انعقاد میں وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون اور رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر کی خصوصی رہنمائی و حوصلہ افزائی شامل رہی۔اس ریفریشر کورس میں اے ایم یو گرلز اسکول،راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول،عبداللہ اسکول،سینئر سیکنڈری اسکول گرلز،سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول(بوائز)، اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول(گرلز)،ایس ٹی ایس اسکول(منٹو سرکل)، اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول(بوائز)،اے ایم یو سٹی گرلزہائی اسکول،احمدی اسکول برائے نابینا طلبہ کے بیس اساتذہ شریک ہو رہے ہیں۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر مشتاق صدف نے بحسن و خوبی انجام دیے جبکہ ڈاکٹر رفیع الدین نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande