
جموں, 6 اگست (ہ س): سیاحتی محکمہ کے ڈائریکٹر وکاس گپتا نے حکومت ہند کی وزارت سیاحت کی سویدیش درشن اسکیم دوم کے تحت بسوہلی میں مجوزہ سیاحتی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کے میٹنگ کی صدارت کی۔اجلاس میں محکمہ ٹورازم، آر اینڈ بی ،پی ڈبلیو ڈی ،کے افسران، کنسلٹنٹس اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بسوہلی کو عالمی معیار کی سیاحتی منزل کے طور پر فروغ دینے کے لیے تیار کیے جا رہے تفصیلی تصوراتی منصوبے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ مجوزہ منصوبوں میں ایڈونچر ٹورازم کی سہولیات، واٹر فرنٹ ڈیولپمنٹ، تاریخی ورثے کا تحفظ، سیاحتی سہولیات، پارکنگ، ایکو ٹریلز، پیدل راہداریاں، تفریحی مقامات، جدید روشنی کے انتظامات اور دیگر سیاحتی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر شامل ہے۔
ڈائریکٹر ٹورازم وکاس گپتا نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ مقررہ مدت کے اندر تفصیلی تصوراتی منصوبہ مکمل کرکے منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تیاری کے دوران بسوہلی کے تاریخی ورثے، ثقافتی شناخت اور قدرتی حسن کو برقرار رکھتے ہوئے پائیدار سیاحت کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تفصیلی تصوراتی منصوبہ آخری مرحلے میں ہے اور جلد ہی منظوری کے لیے اعلیٰ حکام کو بھیج دیا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر ڈائریکٹر ٹورازم نے تمام متعلقہ محکموں اور کنسلٹنٹس کو باہمی تعاون کے ساتھ مقررہ وقت میں منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ بسوہلی میں متعلقہ اسکیم کے تحت ترقیاتی کام بروقت شروع کیے جا سکیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر