
حیدرآباد ،06 اگست (ہ س)۔ تلنگانہ کی وزیربرائے پنچایت راج، دیہی ترقی،خواتین واطفال ڈاکٹرداناسری انسویا(سیتا اکا)نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا بروقت حل ہی عوامی حکومت کا بنیادی مقصد ہے اورہرمستحق درخواست گزارکی عرضی پرذاتی دلچسپی کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے انصاف فراہم کیاجائےگا۔ گاندھی بھون میں منعقد ہونے والےعوام کےروبرو،پروگرام کے دوران مختلف اضلاع سے آئے ہوئے شہریوں کی درخواستیں وصول کرتے ہوئے وزیرسیتااکانے کہا کہ عوامی حکومت کا ہدف عوام کی دہلیز تک پہنچ کران کے مسائل کوحل کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد ہی حکومت کی سب سے بڑی طاقت ہے اورہر درخواست کا ذمہ داری کے ساتھ جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد عوام سے براہ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل کو سننا اورمتعلقہ محکموں کے ذریعے فوری طور پر ان کے حل کویقینی بناناہے۔ انہوں نے متعدد درخواستوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کے افسران سے فون پر رابطہ کرکے ضروری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ زیر سیتکا نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں عوام کواپنے مسائل پیش کرنے کا مناسب موقع نہیں ملتا تھا، جس کے باعث کئی مسائل برسوں تک حل طلب رہے۔ جبکہ قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے محکمہ جنگلات سے متعلق مسائل اوراپنے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت سے مداخلت کی درخواست کی۔ وزیرسیتااکا نے تمام درخواستوں پر مثبت ردعمل ظاہرکرتے ہوئے متعلقہ حکام کو قانون کے مطابق فوری جانچ اور مناسب کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ زیر التوا مسائل کومزید تاخیر کے بغیرحل کیاجائے تاکہ عوام کودفاترکے چکر نہ لگانے پڑیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرسیتااکا نے کہا کہ موجودہ حکومت گزشتہ حکومت کے دور سے چلے آ رہے مسائل کو مرحلہ وار حل کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ ہر درخواست کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور ہر مستحق شہری کو انصاف فراہم کرنے کے لیے حکومت پوری ذمہ داری کے ساتھ کام جاری رکھے گی۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق