
نئی دہلی، 06 اگست (ہ س)۔
ہاکی انڈیا نے جمعرات کو اے ایچ ایف جونیئر ایشیا کپ-2026 کے لیے بھارتی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ یہ ٹورنامنٹ 30 اگست سے 13 ستمبر تک چین کے موکی شہر میں کھیلا جائے گا۔ ٹیم میں 18 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ دو کھلاڑیوں کو متبادل (الٹرنیٹ) کے طور پر رکھا گیا ہے۔
ٹیم کی قیادت مڈفیلڈر خیدیم شیلیما چانو کریں گی۔ ہیڈ کوچ ٹم وائٹ کی رہنمائی میں ٹیم گزشتہ چند ماہ سے بھرپور تیاری کر رہی ہے۔ اس سال ٹیم کی ذمہ داری سنبھالنے والے وائٹ کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے اپنے کھیل میں مسلسل بہتری دکھائی ہے۔
برِاعظمی ٹورنامنٹ کی تیاری کے سلسلے میں بھارتی جونیئر خواتین ٹیم حال ہی میں برطانیہ کے ایکسپوڑر دورے سے واپس لوٹی ہے۔ اس دورے کے دوران کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کا تجربہ حاصل ہوا، جس سے جونیئر ایشیا کپ کی تیاری مزید مضبوط ہوئی۔
ٹم وائٹ نے ٹیم کے اعلان پر کہا، مجھے فخر ہے کہ ان نوجوان کھلاڑیوں نے سخت محنت، لگن اور عزم کی بدولت ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران انہوں نے اپنے کھیل کے ہر پہلو میں بہتری کے لیے انتھک محنت کی ہے، اور میں نے انہیں انفرادی اور اجتماعی دونوں سطحوں پر ترقی کرتے دیکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا، یہ ٹورنامنٹ ایشیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کو جانچنے اور بڑے اہداف کی جانب پیش قدمی کا اہم موقع ہے۔ ہم ہر میچ میں اعتماد اور نظم و ضبط کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ مجھے یقین ہے کہ اس ٹیم میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت اور جذبہ موجود ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں ایشیا کی صفِ اول کی جونیئر ٹیمیں حصہ لیں گی۔ مقابلوں کا شیڈول اور گروپوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بھارتی ٹیم:
گول کیپر: ندھی، اینگل ہرشا رانی منج
ڈیفنڈر: پوجا ساہو، سپریا، پوجا ملک، پاروتی ٹوپنو، مدھو
مڈفیلڈر: خیدیم شیلیما چانو (کپتان)، تنوجا ٹوپو، بنیما دھن، روشنی ایند، گیتا یادو
فارورڈ: لالرنپوئی، پورنیما یادو، سکھویر کور، کرشنا شرما، سانیکا چندرکانت مانے، مدھو سدار
متبادل کھلاڑی: ایف۔ لالبیاسکیامی، تنوشری دنیش کڈو۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ