
نئی دہلی، 06 اگست (ہ س)۔
کرکٹ جنوبی افریقہ (سی ایس اے) نے دسمبر میں ہونے والے بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کے دور ہ جنوبی افریقہ کے شیڈول میں ترمیم کرتے ہوئے تین ٹی-20 بین الاقوامی میچ بھی شامل کر دیے ہیں۔ اس سے قبل اس دورے میں صرف تین ایک روزہ (ون ڈے) میچ اور ایک واحد ٹیسٹ میچ شامل تھا۔
ٹی-20 سیریز کو اگلے سال فروری میں سری لنکا میں ہونے والی آئی سی سی ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے پیش نظر شامل کیا گیا ہے۔
ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق دورے کا آغاز اب 9 سے 12 دسمبر کے درمیان گکیبرہا کے سینٹ جارج پارک میں کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔
اس کے بعد تین ون ڈے میچوں کی سیریز ہوگی۔ پہلا ون ڈے 16 دسمبر کو پارل، دوسرا 19 دسمبر کو کیپ ٹاو¿ن اور تیسرا 22 دسمبر کو بلوم فونٹین میں کھیلا جائے گا۔
دورے کے آخری مرحلے میں تین ٹی-20 بین الاقوامی میچ ہوں گے۔ پہلا میچ 26 دسمبر (باکسنگ ڈے) کو بینونی میں جبکہ دوسرا اور تیسرا ٹی-20 بالترتیب 29 اور 30 دسمبر کو پوچے فسٹروم میں کھیلا جائے گا۔
کرکٹ جنوبی افریقہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فولیٹسی موسیکی نے ایک سرکاری بیان میں کہا، ہمیں بھارت کے دورہ جنوبی افریقہ کے نظرثانی شدہ پروگرام کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ تہواروں کے دوران ٹی-20 سیریز کا انعقاد ہماری خواتین ٹیم کو اگلے سال سری لنکا میں ہونے والی پہلی آئی سی سی ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی بہترین تیاری کا موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا، بھارت عالمی کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار ہوتا ہے۔ تینوں فارمیٹس میں اس کے خلاف کھیلنا ہماری ٹیم کے لیے نہایت اہم ہوگا اور آئندہ آئی سی سی ٹورنامنٹ کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگا۔
اسی سال اپریل میں بھارتی خواتین ٹیم نے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا، جہاں اسے پانچ ٹی-20 میچوں کی سیریز میں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد ٹی-20 ورلڈ کپ میں بھی جنوبی افریقہ نے بھارت کو شکست دی تھی، جس کے نتیجے میں بھارتی ٹیم گروپ مرحلے ہی سے باہر ہو گئی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ