ڈی پی ایل: نارتھ دہلی اسٹرائیکرز نے ایسٹ دہلی رائیڈرز کو چھ وکٹوں سے شکست دی
سارتھک رنجن کی شاندار 95 رنز کی دھواں دار اننگز
ڈی پی ایل: نارتھ دہلی اسٹرائیکرز نے ایسٹ دہلی رائیڈرز کو چھ وکٹوں سے شکست دی


نئی دہلی، 6 اگست (ہ س): کپتان سارتھک رنجن کی جارحانہ 95 رنز کی اننگز اور یش بھاٹیہ کی آؤٹ ہوئے بغیر نصف سنچری کی بدولت نارتھ دہلی اسٹرائیکرز نے دہلی پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) 2026 کے ایک میچ میں ایسٹ دہلی رائیڈرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ بدھ کی شب ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں نارتھ دہلی نے 172 رنز کا ہدف چار اوورز باقی رہتے حاصل کر لیا۔

اس سے قبل بیٹنگ کرتے ہوئے ایسٹ دہلی رائیڈرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ ٹیم کی جانب سے سجل سنگھ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 گیندوں پر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 82 رنز اسکور کیے، جس میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

رائیڈرز کی شروعات اچھی نہ رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، تاہم سجل سنگھ ایک اینڈ پر ڈٹے رہے۔ انہوں نے تحمل اور جارحانہ انداز کا بہترین امتزاج پیش کرتے ہوئے آخری اوورز میں تیزی سے رنز بنائے اور ٹیم کو ایک بہتر اسکور تک پہنچایا۔

نارتھ دہلی اسٹرائیکرز کی جانب سے وکاس دکشت سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے 4 اوورز میں صرف 19 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ دیگر گیند بازوں نے بھی نپی تلی گیند بازی کرتے ہوئے مخالف ٹیم کے بلے بازوں پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔

172 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں نارتھ دہلی اسٹرائیکرز کی شروعات بھی مایوس کن رہی اور ٹیم نے ابتدائی اوورز میں ہی 39 رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے بعد کپتان سارتھک رنجن اور یش بھاٹیہ نے تیسری وکٹ کے لیے 113 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے میچ کا رخ مکمل طور پر بدل دیا۔

سارتھک رنجن نے 50 گیندوں پر 95 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ 14ویں اوور میں انہوں نے سمرجیت سنگھ کے ایک ہی اوور میں 29 رنز بنا کر میچ اپنی ٹیم کے حق میں کر دیا۔ اگرچہ وہ سنچری سے صرف 5 رنز دور رہ گئے، لیکن اس وقت تک نارتھ دہلی کی جیت تقریباً یقینی ہو چکی تھی۔

سارتھک کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارت سندھوانی بھی جلد پویلین لوٹ گئے، تاہم یش بھاٹیہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور بغیر کسی مزید نقصان کے ٹیم کو ہدف تک پہنچا کر نارتھ دہلی اسٹرائیکرز کو چھ وکٹوں سے یادگار جیت دلائی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande