
کٹھمنڈو، 6 اگست (ہ س): نیپال کے محکمۂ آبی وسائل و موسمیات نے ملک کے کئی صوبوں میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ مسلسل بارش کے باعث سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر قدرتی آفات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اس وقت پورے ملک میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ باگمتی اور گنڈکی صوبوں کے بعض علاقوں میں درمیانی درجے کی بارش ہو رہی ہے، جبکہ کوسی، کرنالی اور سدور پشچم صوبوں کے کچھ حصوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ لمبنی صوبے کے ایک دو مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔
محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ آج بھی کوسی، باگمتی اور گنڈکی صوبوں کے ہمالیائی علاقوں کے متعدد مقامات پر درمیانی درجے کی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ اسی طرح لمبنی، کرنالی اور سدور پشچم صوبوں کے پہاڑی علاقوں کے بعض مقامات پر بھی درمیانی بارش اور برف باری ہو سکتی ہے۔
کوسی، باگمتی، گنڈکی اور لمبنی صوبوں کے پہاڑی اور ترائی علاقوں کے کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مدھیش صوبے کے متعدد علاقوں میں بھی اسی نوعیت کا موسم برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کرنالی کے پہاڑی علاقوں اور سدور پشچم کے پہاڑی و ترائی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے شدید بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ نے خاص طور پر خبردار کیا ہے کہ باگمتی اور گنڈکی کے ہمالیائی، پہاڑی اور ترائی علاقوں، کوشی کے ہمالیائی اور پہاڑی علاقوں، نیز مدھیش اور لمبنی کے پہاڑی و ترائی علاقوں کے ایک دو مقامات پر شدید سے انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔
رات کے وقت بھی کوسی، باگمتی، گنڈکی اور لمبنی کے پہاڑی اور ترائی علاقوں، نیز مدھیش کے متعدد مقامات پر گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے شدید بارش متوقع ہے۔ کرنالی کے پہاڑی علاقوں اور سدور پشچم کے پہاڑی و ترائی علاقوں میں بھی بعض مقامات پر درمیانی سے شدید بارش ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دوران انتہائی محتاط رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سیلاب و زمین کے تودے کھسکنے کے خدشات کے پیش نظر تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد