
جموں, 6 اگست (ہ س): جموں و کشمیر کے معروف صنعت کار مانک بترا کو ورلڈ بدھسٹ فیڈریشن کا بین الاقوامی نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے جاری سرکاری مکتوب میں ان کی تقرری کا اعلان کیا گیا۔
مکتوب کے مطابق مانک بترا کی تقرری ان کی قائدانہ صلاحیتوں، انسانی خدمت، امن، ہمدردی، ثقافتی ہم آہنگی اور عالمی تعاون کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں عمل میں آئی ہے۔
مانک بترا بترا گروپ کے ڈائریکٹر ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایسوچیم جموں و کشمیر کونسل کے چیئرمین اور فیڈریشن آف آٹوموبائل ڈیلرز ایسوسی ایشنز، جموں و کشمیر کے ریجنل ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے صنعت، کاروباری ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق مختلف معاملات میں حکومت اور صنعتی شعبے کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ورلڈ بدھسٹ فیڈریشن کے مطابق بین الاقوامی نائب صدر کی حیثیت سے مانک بترا تنظیم کی عالمی سرگرمیوں کی نگرانی، مختلف حکومتوں، بین الاقوامی اداروں، تعلیمی مراکز، مذہبی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے علاوہ امن، ثقافتی ہم آہنگی، انسانی خدمت اور پائیدار ترقی سے متعلق منصوبوں کی رہنمائی کریں گے۔
وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر تنظیم کی نمائندگی بھی کریں گے اور کانفرنسوں، سیمیناروں، انسانی خدمت کی سرگرمیوں اور ثقافتی تبادلہ پروگراموں میں شرکت کریں گے۔
یہ تقرری 28 جولائی کو جاری کیے گئے سرکاری مکتوب کے ذریعے عمل میں آئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر