
ودیشا، 6 اگست (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع ودیشا میں بدھ کی دیر شام بائیک سوار تین نقاب پوش بدمعاشوں نے صرافہ تاجر کو گولی مار دی۔ بدمعاش تاجر اور ان کے بیٹے سے تقریباً 30 کلو چاندی، تقریباً 30 گرام سونا، 25 ہزار روپے نقد اور زیورات سے بھرا بیگ لوٹ کر فرار ہو گئے۔
شمش آباد پولیس کے مطابق، زخمی تاجر سنجے سونی رائسین گیٹ ودیشا کے ساکن ہیں۔ حادثے کے وقت ان کے ساتھ ان کا بیٹا یش سونی بھی تھا۔ گولی تاجر کے بائیں ہاتھ میں لگی۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
زخمی صرافہ تاجر سنجے سونی نے بتایا کہ بدھ کو پیپلدھار کے ہفتہ وار ہاٹ بازار میں زیورات کا کاروبار کرنے کے بعد وہ بائیک سے ودیشا لوٹ رہے تھے۔ شام تقریباً 6.30 بجے پیپلدھار اور پٹن گاوں کے درمیان ودیشا روڈ پر تین بائیک سوار بدمعاش ان کا پیچھا کرنے لگے۔
سنجے سونی اور ان کے بیٹے کے مطابق، بدمعاشوں نے پہلے بیگ چھیننے کی کوشش کی۔ اس دوران ان کی بائیک بے قابو ہو کر گر گئی۔ اس کے بعد بدمعاش لوٹے اور بیگ چھیننے لگے۔ مخالفت کرنے پر ایک بدمعاش نے سنجے سونی پر گولی چلا دی۔ حادثے کے بعد ملزمان بیگ لے کر فرار ہو گئے۔ گولی کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچ گئے۔ راہگیروں نے سنجے سونی اور یش سونی کو شمش آباد اسپتال پہنچایا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
سنجے سونی کے مطابق، بیگ میں 10 سے 15 کلو چاندی کے زیورات، تقریباً 20 گرام سونا، 25 ہزار روپے نقد اور کاروبار سے متعلق ضروری دستاویزات تھے۔ وہیں، یش سونی کا دعویٰ ہے کہ بیگ میں 25 سے 30 کلو چاندی، 25 سے 30 گرام سونا اور دیگر سامان تھا۔ تقریباً 70 لاکھ روپے کی لوٹ ہے۔
یش سونی نے بتایا کہ تینوں بدمعاش منصوبہ بنا کر آئے تھے۔ ایک نے ماسک پہنا تھا، دوسرے نے سفید تولیے سے چہرہ ڈھک رکھا تھا، جبکہ لال شرٹ پہنے بدمعاش نے گولی چلائی۔ بائیک چلا رہے نوجوان نے کالی شرٹ پہن رکھی تھی۔ بائیک پر نمبر پلیٹ نہیں تھی۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مونیکا تیواری نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی شمش آباد تھانہ پولیس اور سینئر افسران موقع پر پہنچے۔ نامعلوم ملزمان کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ ان کی گرفتاری کے لیے الگ الگ پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگال رہی ہے۔ ساتھ ہی ممکنہ فرار کے راستوں پر ناکہ بندی کر کے جانچ کی جا رہی ہے۔ تکنیکی شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملزمان کی شناخت کر کے جلد گرفتاری کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن