
لداخ, 06 اگست (ہ س)۔ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد گزشتہ سات برسوں میں لداخ میں ترقیاتی کاموں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سڑکوں، پلوں، سیاحت، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کے شعبوں میں وسیع پیمانے پر پیش رفت ریکارڈ کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق لداخ میں سڑکوں کا جال 1799 کلومیٹر سے بڑھ کر 4063 کلومیٹر تک پہنچ گیا ہے، جبکہ پلوں کی تعداد 19 سے بڑھ کر 72 ہو گئی ہے۔ ہیلی پیڈوں کی تعداد 7 سے بڑھ کر 41 ہو چکی ہے اور ہوم اسٹے مراکز 158 سے بڑھ کر 2275 ہو گئے ہیں، جس سے سیاحت اور مقامی معیشت کو فروغ ملا ہے۔
رپورٹ کے مطابق زوجیلا درہ، جو پہلے سردیوں میں کئی ماہ تک بند رہتا تھا، اب محدود مدت کے لیے بند ہوتا ہے، جبکہ کرگل۔زنسکار شاہراہ کی بندش کا دورانیہ بھی نمایاں طور پر کم ہوا ہے۔ لداخ میں اضلاع کی تعداد دو سے بڑھ کر سات اور تحصیلوں کی تعداد 15 سے بڑھ کر 32 ہو گئی ہے۔
دریں اثنا، لداخ کے یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں میں لداخ نے شمولیتی، پائیدار اور عوامی فلاح پر مبنی ترقی کی نئی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے بہتر طرز حکمرانی، بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی، ماحول دوست ترقی اور لداخ کی ثقافتی شناخت کے تحفظ کو ترجیح دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر