
کاٹھمنڈو، 06 اگست (ہ س)۔
بھارتی بری فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ 16 اگست سے نیپال کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر کاٹھمنڈو پہنچیں گے۔ یہ دورہ نیپالی فوج کے سربراہ جنرل اشوک سگدیل کی باضابطہ دعوت پر ہو رہا ہے۔ اس دورے کو بھارت اور نیپال کے درمیان دیرینہ فوجی تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی سمت میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران جنرل دھیرج سیٹھ کو نیپالی فوج کی جانب سے مانارتھ مہارَتھی کا باوقار اعزازی خطاب عطا کیا جائے گا۔ یہ اعزاز دونوں ممالک کی افواج کے درمیان روایتی دوستی، باہمی اعتماد اور دفاعی تعاون کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
17 اگست کو صدارتی محل شیتل نواس میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں نیپال کے صدر رام چندر پاو¿ڈیل بھارتی آرمی چیف کو اس اعزازی خطاب سے نوازیں گے۔ اس موقع پر نیپال حکومت، نیپالی فوج اور بھارت کے اعلیٰ فوجی و سفارتی حکام بھی موجود ہوں گے۔
بھارت اور نیپال کے درمیان کئی دہائیوں پرانی روایت کے مطابق دونوں ممالک کے آرمی چیف ایک دوسرے کی فوج کے اعزازی جنرل کے خطاب سے سرفراز کیے جاتے ہیں۔ اس روایت کا آغاز 1950 کی دہائی میں ہوا تھا اور اسے دونوں ممالک کے خصوصی دفاعی تعلقات کی علامت تصور کیا جاتا ہے۔
اپنے دورہ¿ نیپال کے دوران جنرل دھیرج سیٹھ نیپالی فوج کے اعلیٰ حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں سرحدی سلامتی، فوجی تربیت، مشترکہ مشقیں، آفات سے نمٹنے کی تیاری، صلاحیت سازی اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال ہونے کا امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ