
حکومت کی کھاد کی کالا بازاری ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پٹنہ، 6 اگست(ہ س)۔خریف موسم کے دوران کسانوں کو مقررہ قیمت پر معیاری کھادوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے بہار حکومت نے سخت موقف اپنایا ہے۔ محکمہ زراعت ریاست میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی اورکالا بازاری کو روکنے کے لیے مسلسل چھاپے مار رہا ہے۔ مشرقی چمپارن (موتی ہاری) میں حالیہ کارروائی کے بعد، ڈسٹرکٹ ایگریکلچر آفیسر (ڈی اے او) کو ہیڈ کوارٹر میں طلب کیا گیا ہے، جبکہ کئی اداروں کے لائسنس معطل کر دیے گئے ہیں۔وزیر جناب وجے کمار سنہا نے واضح کیا ہے کہ ریاستی حکومت کھاد کی تقسیم میں کسی قسم کی بے ضابطگی کو برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کی بلیک مارکیٹنگ، ذخیرہ اندوزی اور مقررہ قیمت سے زائد فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جارہی ہے۔ جو بھی قصوروار پایا جائے گا اسے بخشا نہیں جائے گا۔ اگر کھاد کی فروخت میں کوئی بے ضابطگی پائی گئی تو نہ صرف خوردہ فروشوں بلکہ اس میں ملوث ہول سیلرز اور کمپنیوں کے خلاف بھی ضابطہ کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیر زراعت وجے کمار سنہا نے تمام ضلع ایگریکلچر افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر اپنے اضلاع میں کھاد کے تمام اداروں کا معائنہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور موثر مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کے لیے انسپکشنز کو موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے آن لائن ریکارڈ کیا جائے گا۔ مزید برآں، کھاد کے نمونے معیار کی جانچ کے لیے لیبارٹریوں کو بھیجے جائیں گے۔وزیر موصوف نے سخت ہدایات جاری کیں کہ کھاد کی فروخت کے ساتھ کسی بھی دوسری مصنوعات کی ٹیگنگ یا زبردستی فروخت نہ کی جائے۔ ایسی شکایات موصول ہونے پر متعلقہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مزید برآں معائنہ کے دوران پیشگی اطلاع کے بغیر کوئی دکان بند پائی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے پاس تمام قسم کی کھادوں کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ 5 اگست تک، ریاست میں 4.30 لاکھ میٹرک ٹن یوریا، 1.35 لاکھ میٹرک ٹن ڈی اے پی، 2.50 لاکھ میٹرک ٹن این پی کے، 0.69 لاکھ میٹرک ٹن ایم او پی، اور 1.30 لاکھ میٹرک ٹن ایس ایس پی اسٹاک میں ہے۔ وزیر زراعت نے کسانوں سے تجویز کردہ قیمت (266.50 روپے فی بیگ) پرہی یورکی سبسڈی دے رہی ہے۔ جس سے کسانوں کو کفایتی شرح پر کھاد مل پارہا ہے ۔ایگریکلچر انپٹ، کھادوں اور بیجوں سے متعلق شکایات کو فوری طور پر دور کرنے کے لیے ہیڈ کوارٹر کی سطح پر ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ کسان اپنی شکایات ہیلپ لائن نمبر 0612-22335555 اور واٹس ایپ نمبر 7766085888 پر درج کرا سکتے ہیں۔ اس ہیلپ لائن کے ذریعے موصول ہونے والی ہر شکایت کی 24 گھنٹے کے اندر جانچ کی جاتی ہے۔ کسان ہیلپ لائن سینٹر کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کی فوری کارروائی پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan