
محکمہ تعلیم نے ہفتہ کو آدھے دن کی کلاس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاپٹنہ، 6 اگست(ہ س)۔ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں سنیچر کو آدھے دن کی کلاسیں لاگو کر دی گئی ہیں۔ محکمہ تعلیم نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ جانکاری دیتے ہوئے وزیر تعلیم متھیلیش تیواری نے کہا کہ کئی ارکان اسمبلی، اساتذہ لیڈر اور اساتذہ کے ذریعہ مسلسل ہفتہ کو ہاف ڈے کر نے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ اساتذہ کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سرکاری ا سکولوں میں ہفتہ کے روز آدھے دن کی کلاسز کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم جمعرات کو وکاس بھون کے مدن موہن آڈیٹوریم میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے بھی مونگیر میں ایک حالیہ پروگرام کے دوران ہفتہ کو آدھے دن کی تعلیم کا اشارہ دیا تھا۔ اس کی روشنی میں، سرکاری اسکولوں کے اوقات میں جزوی تبدیلی کر تے ہوئے ہفتہ کو صبح 9:30 بجے سے دوپہر ایک بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکول دوپہر ایک بجے تک تدریسی عمل جاری رکھیں گے۔ ہفتہ کو، اور دیگر پہلے سے طے شدہ سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ اس کے بعد طلباء وطالبات کو چھٹی دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے لیے معیاری تعلیم کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس کے حصول کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔وزیر تعلیم تیواری نے کہا کہ اسکولوں میں منظور شدہ عہدے سے جو زیادہ اساتذہ ہیں انہیں رضاکارانہ طور پر ٹرانسفر کے لیے درخواست دینی تھی۔ اس مقصد کے لیے محکمہ تعلیم کا پورٹل 30 جولائی سے کھلا تھا اور 5 اگست کو رات 12 بجے بند ہوا۔ اس میں ریاست کے 106,287 اساتذہ کو رضاکارانہ ٹرانسفر کے لیے درخواست دینی تھی جن میں سے کل 73,151 نے درخواست دی ہے۔ اب ان کے ٹرانسفر کا عمل شروع ہو گا۔ اسی طرح میچول ٹرانسفر کے لیے کل 4,259 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ میچول ٹرانسفر کا عمل 14 ستمبر تک مکمل ہو جائے گا۔ جنرل ٹرانسفر کے لیے پورٹل 17 ستمبر کو کھلے گا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے لیے ضلعی کیڈر بنایا گیا ہے۔ اساتذہ کا ہر پانچ سال میں ایک بار تبادلہ کیا جائے گا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ کے تمام مسائل 31 اکتوبر 2026 تک حل کر لیے جائیں گے، اس کے بعد اساتذہ طلباء کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ اسکولوں کے مقابلے میں بہتر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ یہ کام نئی تعلیمی پالیسی کے تحت کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بہار میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ9 اور 10 اگست کو ضلع میں اور ہیڈکوارٹر میں مامور محکمہ تعلیم کے افسران کی دو روزہ چنتن کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جو مسائل ہیں ان پر بات کی جائے گی اور ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم میں شفاف نظام نافذ کر دیا گیا ہے جس کے نتائج نظر آنے لگے ہیں۔ تعلیم کی بہتری کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan