
سپول،5 اگست (ہ س)۔ میونسپل کونسل کے ملازمین کی اپنے تین نکاتی مطالبات پرجاری ہڑتال کے اثرات اب شہر کے صفائی کے نظام پرواضح طورپرنظرآرہے ہیں۔ مسلسل چھ دنوں سے جاری ہڑتال کے باعث شہرمیں کچرااٹھانے اورصفائی کا کام مکمل طورپرٹھپ ہوکررہ گیا ہے۔ جس کی وجہ سے مختلف محلوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ہیں، جس سے عوام کو خاصی تکلیف ہو رہی ہے۔ بہار لوکل باڈی ایمپلائز ایسوسی ایشن کی کال پر میونسپل کونسل کے ملازمین اپنے مطالبات کو لیکر ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت اور متعلقہ محکمہ ان کے تین نکاتی مطالبات پر مثبت اقدام نہیں اٹھاتا وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔شہر کے صفائی کے نظام پر پڑنے والے اثرات کے باعث جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں جس سے بدبو پیدا ہو رہی ہے اور لوگوں میں وبائی امراض کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ مقامی شہریوں نے ہڑتال کے فوری حل اور صفائی کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں طویل عرصے تک کوڑا جمع رہنے سے صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔لوگوں نے انتظامیہ اور بلدیہ کونسل سے اپیل کی ہے کہ مزدوروں کے مطالبات حل کرنے اور شہر میں صفائی کا نظام بحال کرنے کے لیے فوری ایکشن لیا جائے۔ بدھ کے روز صفائی ملازمین نے میونسپل کونسل کے دفتر کے دروازے پر احتجاج کیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan