
کلو، 5 اگست (ہ س):۔
ہماچل پردیش کے کلو-منالی قومی شاہراہ پر پتلی کوہل تھانہ علاقے کے قریب منگل کی دیر رات پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں موٹر سائیکل سوار دو نوجوان ہلاک ہو گئے۔ متوفیان کی شناخت کرپا رام اور وکرم کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں نوجوان موٹر سائیکل پر 15 میل کی جانب گئے تھے۔ واپسی کے دوران تیز رفتاری اور لاپروائی کے باعث ان کی موٹر سائیکل پل کی حفاظتی ریلنگ سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ دونوں نوجوان اچھل کر نیچے بڈاگراں نالے میں جا گرے، جبکہ موٹر سائیکل سڑک پر ہی پڑی رہ گئی۔
رات کا وقت اور اندھیرا ہونے کی وجہ سے حادثے کا فوری طور پر علم نہ ہو سکا۔ کچھ دیر بعد پراشر سے واپس آنے والے دو نوجوانوں نے سڑک پر گری ہوئی موٹر سائیکل اور پل کے نیچے نالے میں ایک شخص کو دیکھا، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقامی لوگوں کی مدد سے دونوں نوجوانوں کی لاشیں نالے سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیں۔
پولیس کے مطابق ضلع بالوترا (راجستھان) کے رہائشی رُنیشارام نے اپنے بیان میں بتایا کہ کرپا رام اپنے کوارٹر سے موٹر سائیکل کی چابی لے کر وکرم کے ساتھ سیر کے لیے نکلا تھا۔ واپسی کے دوران تیز رفتاری اور لاپروائی کے باعث موٹر سائیکل پل کی ریلنگ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور غفلت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ