
صنعاء/ریاض، 5 اگست (ہ س)۔ یمن کے حوثی باغی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شمالی بحیرہ احمر میں ینبع ساحل کے پاس سعودی عرب کے تیل ٹینکر ’وفا‘ پر کئی بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
ترکیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق گروپ کے فوجی ترجمان یحییٰ سری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ میزائلوں نے ٹینکر کو درست نشانہ بنایا۔ تاہم، اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
حوثیوں کے مطابق، یہ حملہ ان کی ناکہ بندی کے جواب میں ناکہ بندی کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ 22 جولائی سے شروع کی گئی مہم کے تحت اب تک آٹھ سعودی تیل ٹینکروں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
یحییٰ سری نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس مدت میں 29 سعودی تیل ٹینکروں کو بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب سے گزرنے سے روکا گیا یا انہیں اپنا راستہ بدلنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ان کے مطابق، باب المندب آبنائے میں بڑھتے خطرے کی وجہ سے سعودی عرب نے اپنے ٹینکروں کا راستہ بدل کر انہیں شمالی بحیرہ احمر کی طرف بھیجنا شروع کیا۔
حوثی ترجمان نے خبردار کیا کہ گروپ شمالی بحیرہ احمر میں سعودی تیل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کی کارروائی آگے بھی نہ صرف جاری رکھے گا بلکہ اسے مزید تیز کرے گا۔
فی الحال، سعودی عرب کی جانب سے ان دعووں پر کوئی سرکاری ردِعمل نہیں آیا ہے۔ ٹینکر پر حملے اور اس سے ہوئے ممکنہ نقصان کی آزادانہ تصدیق بھی ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن