مسلسل بارشوں سے ناندیڑ کے آبی ذخائر بھر گئے، کسانوں کو بڑی راحت
ناندیڑ، 5 اگست(ہ س)۔ حالیہ دنوں میں ہونے والی موسلادھار بارش نے ضلع ناندیڑ میں آبی صورتحال کو نمایاں طور پر بہتر بنا دیا ہے۔ بارش کے باعث ضلع کے بیشتر ڈیم اور آبی ذخائر بھر چکے ہیں، جس سے آبپاشی، پینے کے پانی اور مویشیوں کے لیے پانی کی دستیابی کے
مسلسل بارشوں سے ناندیڑ کے آبی ذخائر بھر گئے، کسانوں کو بڑی راحت


ناندیڑ، 5 اگست(ہ س)۔

حالیہ دنوں میں ہونے والی موسلادھار بارش نے ضلع ناندیڑ میں آبی صورتحال کو نمایاں طور پر بہتر بنا دیا ہے۔ بارش کے باعث ضلع کے بیشتر ڈیم اور آبی ذخائر بھر چکے ہیں، جس سے آبپاشی، پینے کے پانی اور مویشیوں کے لیے پانی کی دستیابی کے حوالے سے پیدا ہونے والی تشویش کافی حد تک ختم ہو گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع کے 21 آبی منصوبوں میں سے 13 اپنی مکمل گنجائش تک بھر چکے ہیں۔ جولائی کے ابتدائی اور درمیانی دنوں میں بارش کی کمی کے باعث کئی ذخائر میں پانی کی سطح مسلسل کم ہو رہی تھی، جس سے خریف کی فصلوں اور دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا، تاہم ماہ کے آخری ہفتے میں ہونے والی مسلسل اور شدید بارش نے صورتحال بدل دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صرف تین دنوں کے دوران 227 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ 31 جولائی تک ضلع میں مجموعی بارش 605 ملی میٹر تک پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں کئی بڑے اور چھوٹے آبی منصوبے مکمل طور پر بھر گئے۔

محکمہ آبپاشی کے مطابق ناگ جھری، لونی اور ڈونگرگاؤں کے درمیانے درجے کے ڈیم مکمل گنجائش تک بھر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ امباڑی، پمپل گاؤں، نیچپور، ورسانگوی، مانڈوی، سرپور اور سندھگی کے چھوٹے آبی منصوبے بھی لبریز ہو گئے ہیں، جبکہ نرالا، سندھگی اور لکڑکوٹ کے ذخیرہ آب بھی مکمل بھر جانے سے ضلع میں پانی کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ آبپاشی کے حکام کا کہنا ہے کہ آبی ذخائر میں پانی کی وافر مقدار جمع ہونے سے آئندہ مہینوں میں آبپاشی کے لیے پانی کی فراہمی بہتر رہے گی، جس سے کسانوں کو فصلوں کی کاشت اور پیداوار میں سہولت ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی شہری اور دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande