
حیدرآباد، 5 اگست (ہ س)۔
تلنگانہ پولیس نے عوام کو تیز، مؤثراور جدید ہنگامی خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے اے آئی سے مزین نیکسٹ جنریشن ڈائل 112 ایمرجنسی رسپانس سسٹم (ٹیجی-ای آرایس ایس) کا آغازکیا۔ اس جدید نظام کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ہیڈ آف پولیس فورس) سی وی آنند، آئی پی ایس نے تلنگانہ انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (ٹی جی آئی سی سی سی) میں کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی نے کہا کہ نیا ڈائل 112 پلیٹ فارم پولیس، فائر، ایمبولینس، خواتین اور بچوں کے تحفظ سمیت تمام اہم ہنگامی خدمات کو ایک ہی نمبر کے تحت مربوط کرتا ہے، جس سے شہریوں کو بروقت امداد فراہم کرنا مزید آسان ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت پرمبنی اس نظام میں اسمارٹ کال فلٹرنگ، خودکارڈسپیچ، جدید لوکیشن ٹریکنگ، وائس ٹو ٹیکسٹ اورریئل ٹائم مانیٹرنگ جیسی سہولتیں شامل کی گئی ہیں۔ نئے نظام کے نفاذ سے کال سینٹر کی پروسیسنگ کے وقت میں تقریباً 30 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ تلنگانہ کا اوسط ایمرجنسی رسپانس وقت قومی اوسط سے کہیں بہتر ہے۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ ریاست کی 1,860 گشتی گاڑیوں کو اس پلیٹ فارم سے جوڑا گیا ہے، جس سے قریب ترین پولیس ٹیم کو فوری روانہ کرنا ممکن ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مرحلے میں حیدرآباد، سائبرآباد، ملکاجگیری اور فیوچر سٹی کمشنریٹس میں اے آئی سے آراستہ رون بھی آزمائشی بنیادوں پر تعینات کیے جائیں گے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس، فائر، ایمبولینس اور دیگر ایمرجنسی خدمات کے لیے صرف 112 نمبر پر رابطہ کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق