
بارسلونا، 5 اگست (ہ س)۔ اسپین کے معروف کلب بارسلونا نے برازیلین اسٹار فارورڈ کیرولین نکولی کو مانچسٹر سٹی سے چار سال کے معاہدے پر اپنے ساتھ جوڑلیا ہے۔ 2018 میں برازیل کے لیے اپنا سینئیر ڈیبیو کرنے والی کیرولین 2022 کی خواتین کا کوپا امریکہ جیتنے والی برازیلین ٹیم کی بھی رکن تھیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویمنز سپر لیگ (ڈبلیو ایس ایل) کی تاریخ میں یہ سب سے مہنگا ٹرانسفر ہے۔ رپورٹس بتاتی ہیں کہ بارسلونا نے 26 سالہ کیرولین کے لیے تقریباً 1.5 ملین یورو (تقریباً17.3 لاکھ امریکی ڈالر) ادا کیے۔ اس سے قبل ڈبلیو ایس ایل سے سب سے مہنگی منتقلی کینیڈین اولیویا اسمتھ کی تھی، جو گزشتہ سال ایک کروڑ پاو¿نڈز میں لیورپول سے آرسنل منتقل ہوئی تھیں۔
کیرولین نے جنوری 2025 میں نارتھ کیرولینا کریج سے مانچسٹر سٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے گزشتہ سیزن میں کلب کی ویمنز سپر لیگ اور ویمنز ایف اے کپ کی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بارسلونا نے ایک سرکاری بیان میں کہا، کیرولین اپنے پورے کیرئیر میں ایک مکمل کھلاڑی کے طور پر تیار ہو چکی ہیں۔ وہ اب بارسلونا کی جرسی پہن کر دنیا کی سب سے چیلنجنگ ٹیموں میں سے ایک میں اپنا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنےکے لیے تیار ہیں۔ بارسلونا نے ایک سرکاری بیان میں کہا۔
بارسلونا نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کیرولین نکولی کو سائن کرنا کلب کے عزائم کی ایک اور بڑی علامت ہے۔ ہمارا مقصد ٹاپ لیول پر رہنا اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو اکٹھا کرکے بہترین کارکردگی کے نئے معیار قائم کرنا ہے۔
بارسلونا نے لگاتار سات بار ہسپانوی ویمن لیگ (لیگا ایف) جیتی ہے، جب کہ کلب نے 2020 سے اب تک چار بار یو ای ایف اے ویمنز چیمپئنز لیگ بھی جیتی ہے۔ ٹیم اپنی نئی لیگا ایف مہم 30 اگست کو سی ڈی ٹینیرف کے خلاف شروع کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی