
حیدرآباد ، 5 اگست (ہ س)۔ چادرگھاٹ پولیس نے سی ای آئی آر (سنٹرل ایکوپمنٹ آئیڈینٹی رجسٹر) پورٹل کی مدد سے 16 گمشدہ اور کھوئے ہوئے موبائل فون برآمد کر کے ان کے اصل مالکان کے حوالے کردیے۔
پولیس کے مطابق مختلف شہریوں نے اپنے موبائل فون گم ہونے یا چوری ہونے کی شکایات درج کرائی تھیں، جن پر چادر گھاٹ پولیس کی کرائم ٹیم نے سی ای آئی آرپورٹل کے ذریعے موبائل فونزکی ٹریکنگ شروع کی۔ مسلسل تکنیکی نگرانی اورمؤثرتحقیقات کے بعد تمام 16 موبائل فون بازیاب کرلیے گئے
برآمد شدہ موبائل فونزچادرگھاٹ پولیس اسٹیشن میں ایک تقریب کے دوران ان کے اصل مالکان کے حوالے کیے گئے۔
کئی شہری اپنے قیمتی موبائل فون واپس ملنے پر جذباتی دکھائی دئیے اورانہوں نے چادر گھاٹ پولیس کی فوری کارروائی، پیشہ ورانہ مہارت اور عوام دوست رویے کو سراہتے ہوئے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پرایل راجا وینکٹ ریڈی نے چادر گھاٹ پولیس اور کرائم ٹیم کی گمشدہ موبائل فونزکی تلاش اوربرآمدگی کے لیے کی گئی محنت اورفرض شناسی کو سراہا۔
انسپکٹر چادرگھاٹ کے برہما مراری کی موجودگی میں تمام برآمد شدہ موبائل فون ان کے اصل مالکان کے حوالے کیے گئے۔ پولیس حکام نے یقین دلایاکہ شہریوں کے کھوئے ہوئے یا چوری شدہ موبائل فونز کی بازیابی کے لیے آئندہ بھی اسی عزم اور مستعدی کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق