جاپان کی بڑھتی ہوئی عسکری طاقت پر شمالی کوریا کی تشویش، مزید فوجی اقدامات کی وارننگ
سیول، 5 اگست(ہ س)۔ شمالی کوریا نے جاپان کی بڑھتی ہوئی عسکری صلاحیتوں اور دفاعی تیاریوں پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ’’مزید فوجی آپشنز‘‘ اختیار کرنے پر غور کرے گا۔ پیانگ یانگ نے جاپان پر دوبارہ
جاپان کی بڑھتی ہوئی عسکری طاقت پر شمالی کوریا کی تشویش، مزید فوجی اقدامات کی وارننگ


سیول، 5 اگست(ہ س)۔

شمالی کوریا نے جاپان کی بڑھتی ہوئی عسکری صلاحیتوں اور دفاعی تیاریوں پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ’’مزید فوجی آپشنز‘‘ اختیار کرنے پر غور کرے گا۔ پیانگ یانگ نے جاپان پر دوبارہ فوجی طاقت بڑھانے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے امریکا کو بھی اس کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

جنوبی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بہن کم یو جونگ نے سرکاری میڈیا کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ جاپان تیزی سے ایک جنگی ریاست میں تبدیل ہو رہا ہے۔انہوں نے حال ہی میں جاپان کی جانب سے ٹوماہاک طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائلوں کے تجربات اور فلپائن میں امریکا کی قیادت میں ہونے والی مشترکہ فوجی مشقوں میں شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات جاپان کی عسکری توسیع کی پالیسی کا حصہ ہیں۔

کم یو جونگ نے الزام لگایا کہ جاپان پہلے حملے کی صلاحیت حاصل کرنے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس کی فوجی منصوبہ بندی اب عملی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔انہوں نے امریکا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ایشیا بحرالکاہل خطے میں اپنے تزویراتی مفادات کے لیے جاپان اور جنوبی کوریا کو استعمال کر رہا ہے، جس سے علاقائی سلامتی کا توازن متاثر ہو رہا ہے۔

کم یو جونگ نے واضح کیا کہ شمالی کوریا جاپان کی عسکری سرگرمیوں کو نظر انداز نہیں کرے گا اور ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فوج اور عسکری قیادت اضافی فوجی اقدامات اور متبادل حکمتِ عملی کی تیاری کرے گی۔یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مشرقی ایشیا میں سیکیورٹی خدشات، فوجی سرگرمیوں اور علاقائی کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم جاپان اور امریکا کی جانب سے شمالی کوریا کے ان الزامات پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande