
نوئیڈا، 5 اگست (ہ س)۔
نوئیڈا کے بیٹا-2 تھانے کی پولیس نے دہلی کے ایک جیولر کے منیجر اور ملازم سے اسلحہ کے زور پر تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور خام چاندی لوٹنے والے پانچ ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے لوٹا گیا مال، واردات میں استعمال ہونے والی کار، ایک دیسی پستول اور کارتوس بھی برآمد کیے ہیں۔
پولیس کے ڈپٹی کمشنر (زون سوم) روی شنکر نیم نے بتایا کہ 2 اگست کو دہلی کے رہائشی جیولر کے منیجر رام پرکاش شرما نے بیٹا-2 تھانے میں شکایت درج کرائی تھی کہ وہ اپنے ایک ساتھی کے ساتھ کار میں خام چاندی اور سونے کے زیورات لے کر دہلی سے آگرہ جا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پری چوک کے قریب کار سوار تین افراد نے ان کی گاڑی کو اوور ٹیک کر کے روک لیا اور الزام لگایا کہ ان کی گاڑی کو ٹکر ماری گئی ہے۔ ملزموں نے شکایت کنندہ اور ڈرائیور کو اپنی گاڑی میں بٹھا لیا، جبکہ ان کی گاڑی کو ایک ساتھی چلا کر پیچھے لے جانے لگا۔
ڈی سی پی کے مطابق متاثرہ افراد نے نقصان کی رقم ادا کرنے کی پیشکش کی اور اپنے پاس موجود آٹھ ہزار روپے میں سے ڈھائی ہزار روپے دینے چاہے، لیکن ملزموں نے پورے آٹھ ہزار روپے چھین لیے۔ بعد ازاں انہوں نے متاثرہ افراد کی گاڑی میں رکھا سونے اور چاندی سے بھرا بیگ نکال لیا اور ان کی گاڑی واپس کر دی۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ واردات کے بعد ملزم جنیدپور گاو¿ں کے جنگل میں پہنچے، جہاں ان کے دیگر ساتھی پہلے سے موجود تھے۔ پوچھ گچھ میں انکشاف ہوا کہ کمل کانت اس گروہ کا سرغنہ ہے، جس نے کئی روز تک دہلی میں جیولر کی دکان کی ریکی کی اور واردات کے روز اپنے ساتھیوں کو اطلاع دی کہ اتوار کی شب ٹویوٹا اٹیوس کار میں زیورات دہلی سے آگرہ لے جائے جائیں گے۔
منصوبہ بندی کے تحت ایک بیلینو اور ایک سوئفٹ کار میں سوار ملزم نے دہلی سے ہی متاثرہ افراد کی گاڑی کا تعاقب کیا۔ گریٹر نوئیڈا کے جنیدپور گاو¿ں کے قریب کمل کانت اپنے ایک ساتھی کے ساتھ کھیت میں رک گیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں نے اسلحہ کے زور پر واردات انجام دی۔
پولیس نے اس معاملے میں انکور، امیت، سوہت بنسل، ہمانشو اور کمل کانت کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے سونے کے پانچ ہار، دو منگل سوتر، 29 لاکٹ، خواتین کی 56 اور مردوں کی 34 سونے کی انگوٹھیاں، 18 سونے کے لاکٹ، 42 جوڑے بالیاں، 12.138 کلوگرام چاندی، واردات میں استعمال ہونے والی بیلینو کار، ایک دیسی پستول اور کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔پولیس کمشنر نے اس واردات کا پردہ فاش کرنے والی پولیس ٹیم کے لیے نقد انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ