
ایل جی لداخ نے لداخ یو ٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی
جموں، 05 اگست (ہ س)۔
لداخ کے لیفٹیننٹ گورنرونئے کمار سکسینہ نے لداخ کے یوم تاسیس کے موقع پر مرکزکے زیرانتظام علاقے کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران لداخ میں امن، ترقی اور مقامی طرزِ حکمرانی کو نئی مضبوطی حاصل ہوئی ہے۔سرکاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے پیغام میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت اور عزم کے باعث لداخ کے عوام کی دیرینہ امنگوں کو عملی شکل ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ بننے کے بعد لداخ میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، عوامی خدمات کی بہتری اور مقامی انتظامی نظام کو مضبوط بنانے کی سمت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر انتظامیہ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لداخ کو ترقی، خوشحالی اور بہتر طرزِ حکمرانی کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔قابلِ ذکر ہے کہ 5 اگست 2019 کو سابق ریاست جموں و کشمیر کی تنظیمِ نو کے بعد لداخ کو علیحدہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنایا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر