
بیروت، 5 اگست (ہ س):۔
اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی کارروائی کی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی حزب اللہ کی جانب سے سکیورٹی انتظامات کی مبینہ خلاف ورزی کے جواب میں کی گئی۔
فضائی حملوں سے قبل اسرائیل نے جنوبی لبنان کے منصوری گاؤں کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ بھی جاری کی۔
اسرائیلی فوج نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ منصوری کے علاقے میں حزب اللہ کی سرگرمیوں کے خلاف ہدفی کارروائی جاری ہے، اسی لیے مقامی آبادی سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران لبنان کے لیے سوشل میڈیا کے ذریعے جاری کی جانے والی یہ پہلی عوامی انخلا وارننگ ہے۔
مقامی حکام کے مطابق جون کے آخر میں بھی اسرائیل نے منصوری گاؤں میں پمفلٹ گرا کر لوگوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت دی تھی۔ اس وقت اسرائیل نے اس علاقے کو اپنی اعلان کردہ سکیورٹی پٹی (بفر زون) کا حصہ قرار دیا تھا۔ اس کے باوجود بعض کسان اپنے کھیتوں اور گھروں تک آتے جاتے رہے۔
یہ فوجی کارروائی ایسے وقت کی گئی ہے جب ایک روز قبل ہی اٹلی کے دارالحکومت روم میں امریکہ کی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان کے نمائندوں کے درمیان سکیورٹی سے متعلق مذاکرات ہوئے تھے۔ دونوں ممالک نے 26 جون کو سرحدی کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک سکیورٹی انتظام پر اتفاق کیا تھا۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں اپنی سکیورٹی پٹی برقرار رکھے گا تاکہ حزب اللہ کی جانب سے پیدا ہونے والے کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے، جبکہ لبنان میں اس تازہ فوجی کارروائی کے بعد خطے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ