
گوہاٹی، 5 اگست (ہ س)۔ امپیریل بلیو پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر آسام پریمیئر لیگ کے آٹھویں مقابلے میں ڈبروگڑھ واریئرز نے ابتدائی جھٹکوں سے سنبھلتے ہوئے چرائیدیو سن رائزرس کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ بدھ کے روز آسام کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں 121 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ڈبروگڑھ نے محض تین رنز پر تین وکٹیں گنوا دی تھیں، لیکن اس کے بعد ٹیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17.5 اوورز میں 121/5 رنز بنا کر 13 گیندیں باقی رہتے کامیابی حاصل کر لی۔
ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے والی ڈبروگڑھ واریئرز کی جانب سے دوئیکھو داس نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے 33 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ روشن عالم نے 16 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ چرائیدیو سن رائزرس کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 120 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ ٹیم کی جانب سے سومیہ کانتی پال نے 29 گیندوں پر 46 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلی، جبکہ ہریشیکیش تمولی نے 22 رنز کا تعاون دیا۔
ہدف کے تعاقب میں ڈبروگڑھ کی شروعات انتہائی خراب رہی، لیکن آیوش اگروال (45) اور رتوراج بسواس (45) نے چوتھی وکٹ کے لیے 88 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے ٹیم کو دوبارہ میچ میں واپس لا دیا۔ آخر میں کپتان ساحل جین نے آٹھ گیندوں پر ناٹ آؤٹ 18 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
مختصر اسکور:
چرائیدیو سن رائزرس: 19.1 اوورز میں 120 رنز (سومیہ کانتی پال 46، ہریشیکیش تمولی 22؛ دوئیکھو داس 4/33، روشن عالم 3/16)۔
ڈبروگڑھ واریئرز: 17.5 اوورز میں 121/5 (آیوش اگروال 45، رتوراج بسواس 45، ساحل جین ناٹ آؤٹ 18؛ دیباکر جوہری 2/30، میوکھ ہزاریکا 2/19)۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد