
نئی دہلی، 5 اگست (ہ س):۔
ٹاٹا گروپ کی ملکیت والی ایئر انڈیا نے ایتھوپیئن ایئرلائنز گروپ کے سربراہ ٹیوولڈے گیبرے مریم کو کمپنی کا نیا منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کر دیا ہے۔ وہ کیمبل ولسن کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جنہوں نے رواں سال اپریل میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ایئر انڈیا نے بدھ کو جاری بیان میں کہا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ٹیوولڈے گیبرے مریم کی بطور منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ کمپنی کے مطابق قیادت میں یہ تبدیلی ایئر انڈیا کو عالمی معیار کی بین الاقوامی فضائی کمپنی بنانے کے سفر کا ایک اہم مرحلہ ہے۔
ٹیوولڈے گیبرے مریم کو عالمی ہوا بازی کی صنعت کے کامیاب ترین منتظمین میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ایتھوپیئن ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے دس برس کے دوران کمپنی کی آمدنی میں چار گنا اور فضائی بیڑے کے حجم میں تین گنا اضافہ کیا، جس کے بعد ایتھوپیئن ایئرلائنز افریقہ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی بن گئی۔
ٹاٹا گروپ نے اب ایئر انڈیا کی تیز رفتار توسیع، بین الاقوامی نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے اور کمپنی کے منافع کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری ٹیوولڈے گیبرے مریم کو سونپی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ