
اورنگ آباد میں جدید آیوش اسپتال اور دیہی علاقوں میں صحت خدمات مضبوط بنانے کی اپیلاورنگ آباد ، 5 اگست (ہ س)۔ مرکزی وزیر مملکت برائے آیوش و صحت پرتاپ راؤ جادھو کی صدارت میں نئی دہلی میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں رکن پارلیمنٹ سندیپان بھومرے نے مراٹھواڑہ، بالخصوص اورنگ آباد، میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم کا فائدہ عوام تک بلا رکاوٹ پہنچایا جائے، اورنگ آباد میں جدید سہولیات سے آراستہ آیوش اسپتال قائم کیا جائے اور دیہی علاقوں میں صحت کی خدمات کو مزید مضبوط بنایا جائے۔بھومرے نے اجلاس میں کہا کہ مراٹھواڑہ کے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دیہی صحت مراکز میں ضروری طبی عملہ، جدید طبی آلات اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری علاج میسر آ سکے۔اجلاس میں پیش کیے گئے مطالبات پر مرکزی وزیر مملکت پرتاپ راؤ جادھو نے متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی کرنے اور تجاویز پر سنجیدگی سے عمل درآمد کی ہدایت دی۔ اجلاس میں مراٹھواڑہ کے شعبۂ صحت کو مزید مؤثر، جدید اور عوام دوست بنانے سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ہندوستان سماچار / جاوید این اے