
نئی دہلی، 4 اگست (ہ س)۔ بھارت کے اسٹار جیولن تھرو ایتھلیٹ نیرج چوپڑا 21 اگست کو ہونے والی لازین ڈائمنڈ لیگ میں ایک بار پھر میدان میں اتریں گے۔ دولتِ مشترکہ کھیل 2026 میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد نیرج اب سیزن کے مضبوط ترین مردوں کے جیولن تھرو مقابلوں میں حصہ لیں گے، جہاں ان کا مقابلہ پاکستان کے اولمپک چمپئن ارشد ندیم، موجودہ عالمی چمپئن کیشورن والکاٹ، سابق عالمی چمپئن اینڈرسن پیٹرز، سابق اولمپک چمپئن تھامس روہلر اور دولتِ مشترکہ کھیلوں کے طلائی تمغہ یافتہ سری لنکا کے رومیش پاتھیراگے سے ہوگا۔
گلاسگو میں منعقدہ دولتِ مشترکہ کھیلوں میں نیرج چوپڑا نے سیزن کی اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے ہی تھرو میں 85.83 میٹر کا فاصلہ طے کیا تھا اور چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔ جبکہ سری لنکا کے رومیش پاتھیراگے نے 89.75 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا تھا۔
لازین ڈائمنڈ لیگ کے منتظمین نے ایک بیان میں کہا، 21 اگست کو ایتھلیٹیس مہا مقابلوں میں گزشتہ چار اولمپکس اور عالمی چمپئن شپ کے فاتح پانچ سپر اسٹار جیولن تھرو ایتھلیٹس ایک ساتھ مقابلہ کریں گے۔ یہ غیر معمولی معیار کا مقابلہ ہوگا۔لازین میں یہ نیرج چوپڑا کی رواں سیزن کی دوسری ڈائمنڈ لیگ میں شرکت ہوگی۔ اس سے قبل انہوں نے جون میں دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں حصہ لیا تھا، جہاں 85.69 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔28 سالہ نیرج چوپڑا کا لازین میں ماضی کا ریکارڈ بھی شاندار رہا ہے۔ سال 2024 میں انہوں نے 89.49 میٹر کی تھرو کے ساتھ یہاں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ اب بھارتی اسٹار ایک بار پھر دنیا کے بہترین جیولن تھرو ایتھلیٹس کے درمیان اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے تیار ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan