
نوئیڈا، 04 اگست (ہ س)۔ یو پی ٹی-20 لیگ 2026 کے لیے ہوئی کھلاڑیوں کی نیلامی کے بعد نوئیڈا کنگز کے مالک انوج شرما نے کہا کہ یو پی سی اے اسپیڈ ہنٹ سے ابھر کر آئے تیز گیند باز شبھم گوتم کو ٹیم میں شامل کرنا فرینچائزی کا سب سے کامیاب فیصلہ رہا۔ انہوں نے بتایا کہ شبھم گوتم کو خریدنا ان کی پہلی ترجیح تھی اور ٹیم اپنی تقریباً تمام حکمتِ عملیوں کو کامیابی کے ساتھ نافذ کرنے میں کامیاب رہی۔
انوج شرما نے منگل کو فرینچائزی کی جانب سے جاری بیان میں کہا، ’’نیلامی ہمارے لیے بے حد کامیاب رہی۔ ہم نے اپنے تقریباً 100 فیصد ہدف حاصل کیے۔ ٹیم کا امتزاج بناتے وقت اچھے بلے باز، وکٹ کیپر، گیند باز اور آل راونڈر کو متوازن طریقے سے منتخب کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ہماری ٹیم پوری منصوبہ بندی کے مطابق تیار ہوئی ہے اور اب کھلاڑیوں کو میدان پر کارکردگی دکھانی ہے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ شبھم گوتم کو خریدنے کے لیے ٹیم پہلے سے تیار تھی۔ ’’یو پی سی اے اسپیڈ ہنٹ سے ملے شبھم گوتم کو ٹیم میں شامل کرنا ہمارا سب سے بڑا انتخاب رہا۔ ہمیں معلوم تھا کہ کئی فرینچائزیز ان پر بولی لگائیں گی۔ شیوا سنگھ اور شبھم گوتم دونوں کو لینے کی ہماری واضح منصوبہ بندی تھی۔ ہم نے شیوا سنگھ کے لیے تقریباً 25 لاکھ روپے تک خرچ کرنے کی تیاری کی تھی، لیکن وہ 17.5 لاکھ روپے میں مل گئے۔ اس سے ہمیں شبھم گوتم پر 21.5 لاکھ روپے کی کامیاب بولی لگانے کا موقع ملا۔ ہماری پوری منصوبہ بندی کامیاب رہی۔‘‘
نوئیڈا کنگز نے اس بار تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا متوازن آمیزہ تیار کیا ہے۔ ٹیم نے اسٹار آل راونڈر پرشانت ویر کو رٹین کیا ہے، جنہیں حال ہی میں آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز نے معاہدہ بند کیا ہے۔ گزشتہ سیزن میں انہوں نے 320 رن بنانے کے ساتھ آٹھ وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔
ٹیم میں ہندوستان کی انڈر-19 ٹیم کی نمائندگی کر چکے تیز گیند باز نمن تیواری بھی شامل ہیں، جنہوں نے گزشتہ ایڈیشن میں 19 وکٹیں لے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ ٹریڈ کے ذریعے آئے جارحانہ بلے باز مادھو کوشک اور اسپنر شیوا سنگھ سے بھی ٹیم کو بڑی امیدیں ہیں۔
نیلامی کے بعد اب نوئیڈا کنگز کی نظریں تربیتی کیمپ پر ہیں۔ فرینچائزی کا ہدف اس سیزن میں مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار یو پی ٹی-20 لیگ کا خطاب جیتنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن