
نئی دہلی، 4 اگست (ہ س)۔ دہلی پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) 2026 میں نارتھ دہلی اسٹرائیکرز کے خلاف 210 رنز کا بڑا ہدف حاصل کرنے کے بعد سینٹرل دہلی کنگز کے کپتان یش دھول نے ٹیم کی اجتماعی کارکردگی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کو چیمپئن بننے کے لیے مختلف مقابلوں میں مختلف کھلاڑیوں کا تعاون ضروری ہوتا ہے۔
یش دھول نے کہا، ہمارے لیے سب سے مثبت بات یہ ہے کہ ہر میچ میں کوئی نہ کوئی نیا کھلاڑی آگے آ کر ذمہ داری نبھا رہا ہے۔ گزشتہ میچ میں ونش بیدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جبکہ آج جونٹی سدھو اور آدتیہ بھنڈاری نے بہترین اننگز کھیلیں۔ اس سے پوری ٹیم کا اعتماد بڑھتا ہے کہ ہم کسی بھی ہدف کا تعاقب کر سکتے ہیں۔ ٹرافی جیتنے کے لیے مختلف حالات میں مختلف کھلاڑیوں کا تعاون ضروری ہوتا ہے۔
انہوں نے جونٹی سدھو اور آدتیہ بھنڈاری کی میچ جتانے والی شراکت داری کی بھی جم کر تعریف کی۔ دھول نے کہا، جونٹی اور آدتیہ کے درمیان ہوئی شراکت داری انتہائی اہم رہی۔ ہم نے گزشتہ سیزن سے ہی جونٹی پر اعتماد ظاہر کیا ہے اور آج انہوں نے شاندار پختگی کا مظاہرہ کیا۔ ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد انہوں نے اننگز کو بہترین انداز میں سنبھالا۔ نوجوان کھلاڑیوں کو ان کی بلے بازی سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔
میچ کے ہیرو رہے جونٹی سدھو نے کہا کہ بڑے رنز کے تعاقب کے دوران پرسکون رہنا ان کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ رہا۔
انہوں نے کہا، رنوں کا پیچھا کرنے کے دوران میرا منصوبہ پرسکون رہنے کا تھا۔ بڑے ہدف کا تعاقب کرتے وقت اگر آپ جلد بازی کرتے ہیں تو مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ میں مسلسل آدتیہ بھنڈاری سے کہہ رہا تھا کہ ہمیں ہر اوور میں صرف ایک یا دو چوکے درکار ہیں۔ اگر ہم صبر برقرار رکھیں گے تو میچ ہمارے حق میں آ جائے گا۔ خوشی ہے کہ ہمارا منصوبہ کامیاب رہا۔
جونٹی نے بتایا کہ ٹیم کو پہلے بھی 200 سے زیادہ رنز کا کامیاب تعاقب کرنے کا تجربہ تھا، جس سے کھلاڑیوں کا اعتماد کافی بڑھا ہوا تھا۔
انہوں نے کہا، ڈریسنگ روم میں زیادہ بات چیت نہیں ہوئی، کیونکہ اس سے پہلے بھی ہم 200 سے زیادہ رنز کا ہدف حاصل کر چکے تھے۔ ہمیں پورا یقین تھا کہ اگر ہم اپنے طریقہ کار پر قائم رہے تو دوبارہ بھی ایسا کر سکتے ہیں۔ پوری ٹیم کا اعتماد کافی بلند تھا۔
اس جیت کے ساتھ سینٹرل دہلی کنگز نے تین میچوں میں چھ پوائنٹس حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل میں اپنی پہلی پوزیشن مزید مضبوط کر لی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد