اے ایم یو کے سابق طالب علم ریئر ایڈمیرل ایس ایم عروج اطہر، انڈین نیول اکیڈمی کے پرنسپل مقرر
اے ایم یو کے سابق طالب علم ریئر ایڈمیرل ایس ایم عروج اطہر، انڈین نیول اکیڈمی کے پرنسپل مقرر علی گڑھ، 04 اگست (ہ س)۔ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سابق طالب علم ریئر ایڈمیرل ایس ایم عروج اطہر نے ای
ایس ایم عروج


اے ایم یو کے سابق طالب علم ریئر ایڈمیرل ایس ایم عروج اطہر، انڈین نیول اکیڈمی کے پرنسپل مقرر

علی گڑھ، 04 اگست (ہ س)۔ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سابق طالب علم ریئر ایڈمیرل ایس ایم عروج اطہر نے ایژیمالا، کیرالہ میں واقع انڈین نیول اکیڈمی کے پرنسپل کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ یہ ادارہ انڈین نیوی کے افسران کی تربیت کے لیے ملک کا ممتاز ترین ادارہ ہے۔ ریئر ایڈمرل عروج اطہر نے 1991 میں ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی سے الیکٹرانکس انجینئرنگ میں گریجویشن مکمل کیا اور فروری 1992 میں انڈین نیوی میں کمیشن حاصل کیا۔ تین دہائیوں سے زائد پر محیط اپنے شاندار کریئر کے دوران انہوں نے انڈین نیوی میں متعدد اہم عملی، تعلیمی اور انتظامی ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔

موسمیات، بحری علوم اور سیٹلائٹ موسمیات کے ماہر ریئر ایڈمیرل عروج اطہر نے انڈیا میٹیورولوجیکل ڈپارٹمنٹ، پونے، اور اسپیس ایپلیکیشنز سینٹر، احمد آباد سے اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت حاصل کی۔ وہ ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج، ویلنگٹن، اور کالج آف ڈیفنس مینجمنٹ، سکندرآباد کے بھی سابق طالب علم ہیں۔ اپنی موجودہ ذمہ داری سنبھالنے سے قبل ریئر ایڈمیرل عروج اطہر نیول ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹریٹ آف نیول ایجوکیشن کے سربراہ تھے۔

انہوں نے انڈین نیوی میں تعلیمی پالیسیوں، پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیمی پروگراموں کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ وہ کموڈور (نیول ایجوکیشن) اور نیوی ایجوکیشن سوسائٹی کے نائب چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے انڈین نیوی کے زیر انتظام تعلیمی اداروں کی نگرانی کی۔ انڈین نیول اکیڈمی کے پرنسپل کی حیثیت سے ریئر ایڈمیرل عروج اطہر انڈین نیوی کی مختلف شاخوں میں خدمات انجام دینے کے لیے تیار کیے جانے والے آفیسر کیڈٹس کی تعلیمی، پیشہ ورانہ، جسمانی اور قائدانہ تربیت کی نگرانی کریں گے۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی برادری اپنے ممتاز سابق طالب علم کی اس نمایاں دستیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انھیں دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔ ریئر ایڈمیرل عروج اطہر کا پیشہ ورانہ سفر یونیورسٹی کی اس درخشاں روایت کا عکاس ہے کہ وہ مہارت رکھنے والے ایسے پیشہ ور اور قائدین تیار کرتی ہے جو قوم کی خدمت کے لیے خود کو وقف رکھتے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande