
- صارفین کو پیٹرول اورای -20 کے درمیان انتخاب کرنے کا متبادل ہو
چنڈی گڑھ، 4 اگست (ہ س)۔ پنجاب اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوسرے دن منگل کو ریاست کی حکمراں عام آدمی پارٹی نے مرکزی حکومت کی لازمی ای -20 ایندھن کی ملاوٹ کی پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی۔ قرارداد کو اب وزیر اعظم اور مرکزی وزیر پٹرولیم کو بھیجا جائے گا۔
کانگریس کے ارکان اسمبلی مسلسل دوسرے دن سیاہ پٹیاں پہن کر ایوان میں داخل ہوئے۔ وزیر خزانہ ہرپال چیمہ نے ایوان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ پالیسی ایتھنول تیار کرنے والی عالمی کمپنیوں کے دباو¿ پر لاگو کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب کے لیے نقصان دہ ہو گا، جو پہلے ہی زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح کی وجہ سے ماحولیاتی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ چیمہ نے کہا کہ پالیسی کو منظور کرنے سے پہلے ریاستوں سے مشورہ کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صارفین کے مفادات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
بحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس ایم ایل اے اوتار ہنری جونیئر نے دعویٰ کیا کہ ایتھنول کی پیداوار سے ماحولیات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ”ایک لیٹر ایتھنول بنانے کے لیے 10,800 لیٹر پانی لگتا ہے۔ اس تجویز پر بحث کو ایک دن کے لیے ملتوی کر دیا جانا چاہیے تاکہ ہمارے پاس اس معاملے کا مطالعہ کرنے کے لیے کچھ وقت ہو اور پھر یہاں اس پر بحث ہو سکے۔“
کانگریس ایم ایل اے رانا گرجیت سنگھ نے ایوان سے اس معاملے پر حقائق پیش کرنے کی اپیل کی۔ اسپیکر کلتار سنگھ سندھوان نے بحث ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ وزیر خزانہ ہرپال چیمہ نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں 12.588 ملین گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔ ان گاڑیوں کو بحران کا سامنا ہے۔
اس معاملے پر اپوزیشن کی جانب سے رانا گرجیت سنگھ، اوتار سنگھ جونیئر، پرگت سنگھ، کابینہ وزیر ترون پریت سنگھ سونڈ، ڈاکٹر رجوت سنگھ، امان اروڑہ، ڈاکٹر بلبیر سنگھ نے اپنے دلائل پیش کیے۔
اس تجویز کے بارے میں وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا کہ مرکزی حکومت نے بغیر کسی مطالعہ کے یہ فیصلہ نافذ کر دیا ہے۔ اس پر پورے ملک میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ ہندوستان امریکہ تجارتی معاہدے کا ایک بڑا حصہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت وضاحت کرے کہ یہ فیصلہ کس دباو¿ میں کیا گیا۔
وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا کہ آج منظور ہونے والی قرارداد پر پنجاب حکومت کا موقف وزارت داخلہ، وزیر اعظم اور وزیر پٹرولیم کو بھیجا جائے گا۔ ایوان کی کارروائی کے دوران تمام فریقین کی بات سننے کے بعد، اسپیکر کلتار سنگھ سندھوا نے قرارداد کو ووٹ کے لیے پیش کیا، جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد