
محکمہ موسمیات نے جاری کیا 'ایلو الرٹ' ، آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہواوں کی بھی وارننگ
رانچی، 4 اگست (ہ س) ۔ راجدھانی رانچی سمیت جھارکھنڈ میں اس ہفتے اچھی بارش متوقع ہے۔ انڈیا میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) نے ریاست کے کئی اضلاع کے لیے 'ایلو الرٹ' جاری کیا ہے، جس میں 8 اگست تک تیز بارش، بجلی گرنے اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ موسم کی اس پیشن گوئی سے کسان پرجوش ہیں، کیونکہ مناسب بارش کی توقع ہے۔
جولائی میں اچھی بارش کی بدولت زیادہ تر کسانوں نے اپنے دھان کے پودے تیار کر لیے ہیں۔ اب، مزید بارش کے ساتھ، روپائی کے کام میں تیزی آنے کا امکان ہے۔ زرعی ماہرین کا خیال ہے کہ اگر موسمی حالات سازگار رہے تو اگست کے آخر تک ریاست کے بیشتر حصوں میں دھان کی روپائی مکمل ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 8 اگست تک ریاست کے مختلف اضلاع میں کئی مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس دوران گرج چمک کے ساتھ بارش ،بجلی گرنے اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور خراب موسمی حالات میں محفوظ مقامات پر رہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں سب سے زیادہ بارش - 175.2 ملی میٹر - گڈا میں ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت35.5 ڈگری سیلسیس بہراگوڑہ میں ریکارڈ کیا گیا اور سب سے کم 21.7 ڈگری سیلسیس لاتیہار میں ریکارڈ کیا گیا۔
منگل کو صبح سے ہی رانچی اور آس پاس کے علاقوں پر سیاہ بادل منڈلا رہے تھے، لیکن بارش نہ ہونے سے لوگوں کو گرمی اور حبس سے دوچار ہونا پڑا۔ رانچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نسبتاً ن حبس کا تناسب 95 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جس سے موسم کافی پریشان دہ ہو گیا۔
منگل کو ریاست کے بڑے شہروں میں ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت کی بات کریں تو : رانچی میں زیادہ سے زیادہ 29.2 ڈگری سیلسیس اورکم سے کم 23.4 ڈگری سیلسیس ؛ جمشید پورمیںزیادہ سے زیادہ 35.3 اورکم سے کم 26.2 ڈگری سیلسیس ؛ ڈالٹن گنج میں زیادہ سے زیادہ 32.6ڈگری سیلسیس اورکم سے کم 26.3 ڈگری سیلسیس، بوکارومیں زیادہ سے زیادہ 33.2 ڈگری سیلسیس اورکم سے کم 26.5ڈگری سیلسیس اور چائیباسہ میں زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 24.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے عوام خصوصاً کسانوں کو موسم کی تازہ ترین پیشین گوئیوں پر گہری نظر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ آسمانی بجلی، تیز ہواوں اور بارش کے دوران کھلے علاقوں، کھیتوں یا درختوں کے نیچے کھڑے ہونے سے گریز کریں۔ محکمہ کا ماننا ہے کہ اگر بارش پیشین گوئی کے مطابق ہوتی ہے تو خریف کی فصلوں خصوصاً دھان کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچے گا، اور ریاست کی زرعی سرگرمیوں کو نئی رفتار ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی