
نوئیڈا، 4 اگست (ہ س)۔ اترپردیش کے نوئیڈا میں تھانہ ایکوٹیک-3 علاقے میں واقع ایک الیکٹرانک چپ بنانے والی کمپنی میں پیر کی نصف شب کو ہولناک آگ لگ گئی۔ آگ بجھانے کے لیے پہنچے پانچ فائر فائٹرز آگ بجھاتے وقت دیوار اور لوہے کی بیم گرنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے۔ انہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران دو کی موت ہو گئی۔ اس حادثے کے باعث پولیس محکمہ میں غم کی لہر ہے۔
پولیس کمشنر محترمہ لکشمی سنگھ کے میڈیا انچارج نے بتایا کہ پیر کی نصف شب کو تھانہ ایکوٹیک-3 علاقے میں واقع آئی ایل جی آئی ایم کمپنی جس میں الیکٹرانک چپ بنانے کا کام ہوتا ہے، اس میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع کی بنیاد پر فائر بریگیڈ کی آدھا درجن گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پایا۔ اسی دوران کمپنی کی سائیڈ کی ایک دیوار اور لوہے کی بیم اچانک گر گئی۔ جس کے نتیجے میں فائر سروس کے ملازمین چیف کانسٹیبل ڈرائیور راجپال سنگھ، فائر مین منیش کمار، چیف کانسٹیبل ڈرائیور تیرتھ پال سنگھ، فائر مین امت کمار اور فائر مین روہت یادو شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں علاج کے لیے ایمبولینس کی مدد سے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ علاج کے دوران آج علی الصبح ڈاکٹروں نے فائر مین روہت یادو اور چیف کانسٹیبل ڈرائیور تیرتھ پال کو مردہ قرار دے دیا۔ دیگر تین ملازمین کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ان کا علاج جاری ہے۔ موقع پر پولیس کے حکام اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موجود ہے۔ پولیس اس معاملے میں دیگر قانونی کارروائی کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن