
نئی دہلی، 4 اگست (ہ س)۔ دہلی کی آٹھویں اسمبلی کا چھٹا اجلاس 7 اگست کو صبح 11 بجے پرانے سیکریٹریٹ میں واقع اسمبلی ہال میں شروع ہوگا۔ یہ اطلاع دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا نے منگل کو ایک بیان کے ذریعے دی۔ اس سلسلے میں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسمبلی کے اجلاس 7، 10 اور 11 اگست کو منعقد ہوں گے اور ہر نشست مقررہ کارروائی مکمل ہونے تک جاری رہے گی۔ ضرورت پڑنے پر ایوان کے کام کے مطابق اجلاس کا دورانیہ بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔
وجیندر گپتا نے کہا کہ دہلی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اجلاس کے ہموار اور منظم انعقاد کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ قواعد کے مطابق تمام نوٹس نیوا پورٹل کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر جمع کرائے جائیں گے۔ ارکان کی سہولت کے لیے نوٹس برانچ اور نیوا سروس سینٹر کے ذریعے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ قاعدہ 280 کے تحت کوئی بھی معاملہ ایوان میں اٹھانے کے خواہش مند اراکین متعلقہ اجلاس سے قبل والے یومِ کار کی شام 5 بجے تک اپنا نوٹس جمع کرا سکتے ہیں۔ اسپیکر نے تمام اراکین سے اپیل کی کہ وہ مقررہ قواعد و ضوابط پر عمل کریں اور تین روزہ اجلاس کو بامقصد اور نتیجہ خیز بنانے میں مکمل تعاون دیں۔
وجیندر گپتا نے کہا کہ اسمبلی کے احاطے میں محفوظ، منظم اور پرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے وسیع انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام داخلی راستوں پر ہائیڈرولک روڈ بلاکرز نصب کیے جا رہے ہیں، داخلے کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے اور سکیورٹی انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی کوئیک رسپانس ٹیم ((کیو آر ٹی) پہلے ہی تعینات کی جا چکی ہے۔نئی داخلہ پالیسی کے تحت اسمبلی احاطے میں داخلہ صرف گیٹ نمبر 1 سے ہی ممکن ہوگا، جبکہ دیگر تمام داخلی راستے آمد و رفت کو منظم رکھنے اور بیرونی سکیورٹی مضبوط بنانے کے مقصد سے بند رہیں گے۔اس کے علاوہ ممکنہ سکیورٹی خطرات، خفیہ اطلاعات، سکیورٹی فورسز کی تعیناتی، نگرانی کے نظام، مواصلاتی نیٹ ورک، ہنگامی منصوبہ بندی، زائرین کے انتظام، تلاشی کے نظام، ٹریفک کنٹرول، طبی سہولیات، فائر بریگیڈ اور انخلا کے انتظامات کو بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ سرکاری ادارے باہمی تعاون کے ساتھ اسمبلی کی کارروائی کے محفوظ انعقاد اور ایوان کی وقار و سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan