
سرینگر، 4 اگست (ہ س): جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو جنوبی کشمیر میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مذہب بے گناہ لوگوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے واقعات کبھی نہیں ہونے چاہئیں۔ تفصیلات کے مطابق، سری نگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ معصوم شہریوں کا قتل سخت ترین مذمت کا مستحق ہے۔ جو لوگ مارے گئے وہ بے گناہ تھے۔ یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اور ایسا کبھی نہیں ہونا چاہیے تھا۔ کوئی بھی مذہب بے گناہوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ اس طرح کی کارروائیوں کی کتنی ہی سختی سے مذمت کی جائے، الفاظ ہمیشہ کم پڑتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب یہ ذمہ داری سیکیورٹی اداروں کی ہے کہ وہ مستقبل میں ایسے حملوں کی روک تھام کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلی عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ سیکورٹی کو برقرار رکھنے کی ذمہ دار لوگوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایسے حملے دوبارہ نہ ہوں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir