
حیدرآباد ،04 اگست (ہ س)۔ وشاکھاپٹنم ریلوے اسٹیڈیم میں یومِ آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کے دوران تیزہواؤں کے باعث تقریباً 50 فٹ بلند ہائی ماسٹ لائٹ اچانک گرگئی۔ لائٹ اس جانب گری جہاں عام طورپرشائقین کے بیٹھنے کے لیے گیلری موجود ہے۔ حادثے کے وقت اسٹیڈیم میں یومِ آزادی کی تقریبات کے انتظامات جاری تھے۔ خوش قسمتی سے جس مقام پرہائی ماسٹ لائٹ گری، وہاں کوئی مزدوریاعملہ موجود نہیں تھا،جس کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ اطلاعات کے مطابق تیزہواؤں کے دوران ہائی ماسٹ لائٹ کا ڈھانچہ اچانک زمین پرآگرا۔لائٹ کے گیلری کی سمت گرنے سے اسٹیڈیم کی سیکیورٹی اوربنیادی ڈھانچے کے معیارپربھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ وشاکھاپٹنم ریلوے اسٹیڈیم ایک اہم کھیلوں کامرکزہے،جہاں فرسٹ کلاس کرکٹ میچوں کے علاوہ فٹبال مقابلے بھی منعقد ہوتے ہیں۔ اس لیے اس طرح کے بڑے ڈھانچے کے گرنے کے واقعے نے اسٹیڈیم میں موجود حفاظتی انتظامات اور دیکھ بھال کے نظام پر تشویش پیدا کردی ہے۔ حادثے کے بعد متعلقہ حکام کی جانب سے جائے وقوعہ کا معائنہ کیے جانے اور ہائی ماسٹ لائٹ کے گرنے کی وجوہات کا جائزہ لینے کی توقع ہے۔ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لیے اسٹیڈیم کے دیگر ڈھانچوں اور حفاظتی انتظامات کی بھی جانچ کی جا سکتی ہے۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق