
نئی دہلی، 31 اگست (ہ س)۔ گھریلو تشدد کی شکایت کی تحقیقات کے دوران دہلی کے آدرش نگر تھانہ پولیس نے ایک شخص کو فرضی شناختی دستاویزات کی بنیاد پر ہندوستان میں مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر رہنے اور بنگلہ دیشی شہری ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف اپنی پہلی شادی چھپانے، زیادہ شادیاں کرنے، بیوی کے ساتھ مارپیٹ اور ایک نابالغ بچے سے متعلق معاملے میں پوکسو ایکٹ سمیت بھارتیہ نیائے سنہتا(بی این ایس) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ 24 اگست کو آدرش نگر تھانے کو گھریلو تشدد سے متعلق پی سی آر کال موصول ہوئی تھی۔ شکایت کنندہ خاتون نکّی نے الزام لگایا کہ اس کے شوہر نے اس کے ساتھ مارپیٹ کی۔ پوچھ گچھ کے دوران خاتون نے زبانی طور پر یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس کا شوہر ہندوستانی نہیں بلکہ بنگلہ دیشی شہری ہے اور فرضی شناختی دستاویزات کے سہارے ہندوستان میں رہ رہا ہے۔
بعد ازاں 28 اگست کو خاتون نے تھانے میں تحریری شکایت درج کرائی اور پولیس کو کئی اہم دستاویزات فراہم کیے۔ خاتون نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزم اس سے قبل بھی شادیاں کر چکا ہے۔ اس کے مطابق ملزم کی پہلی شادی شائستہ پروین سے ہوئی تھی، جبکہ وہ خود اس کی دوسری بیوی ہے۔ اس نے تیسری شادی بنگلہ دیش کے ستکھیرا کی رہنے والی منیرا خاتون سے کی تھی۔شکایت کنندہ نے پولیس کے سامنے مبینہ نکاح سے متعلق کچھ دستاویزات بھی پیش کیے۔ ان میں ملزم کا نام محمد عطاالرحمان، والد کا نام محمد عبدل، پتہ علی پور، ذیلی ضلع ستکھیرا، ضلع ستکھیرا (بنگلہ دیش) درج پایا گیا۔
پولیس نے خاتون کی جانب سے پیش کیے گئے دستاویزات اور ابتدائی حقائق کی جانچ کے بعد 30 اگست کو آدرش نگر تھانے میں ایف آئی آر درج کی۔ ملزم محمد عطائ الرحمن کے خلاف امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ کی دفعہ 14، پوکسو ایکٹ کی دفعہ 12 اور بی این ایس کی دفعات 118(1)، 318(4)، 336(3) اور 340(2) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
فی الحال ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس اسے عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ تفتیشی ایجنسی ملزم کی اصل قومیت، شناختی دستاویزات، ہندوستان میں داخلے اور قیام کا ریکارڈ سمیت دیگر متعلقہ حقائق کی جانچ کرے گی۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ ملزم کی مبینہ غیر ملکی شہریت اور امیگریشن حیثیت کی تصدیق متعلقہ حکام سے کرائے جانے کے بعد ہی قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan