
نئی دہلی، 31 اگست (ہ س):۔
ہندوستانی کشتی فیڈریشن (ڈبلیو ایف آئی) نے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں انتخابی ٹرائل کے بعد امریکہ میں ہونے والی آئندہ انڈر-23 عالمی کشتی چیمپئن شپ کے لیے ہندوستانی خواتین کی ٹیم کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ایک روزہ ٹرائل میں تمام 10 وزن کے زمروں میں پہلوانوں نے حصہ لیا۔
ہریانہ، مہاراشٹر، دہلی، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش سمیت کشتی کے اہم مراکز کی پہلوانوں نے ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے زبردست مقابلہ کیا۔ اپنے اپنے وزن کے زمرے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی پہلوان ہندوستان کی نمائندگی کریں گی، جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پہلوانوں کو قومی کیمپ میں شامل کیا جائے گا، جہاں وہ مشق میں تعاون کریں گی اور ٹیم کی تیاریوں کو مزید مضبوط کریں گی۔
ڈبلیو ایف آئی کے صدر سنجے سنگھ نے ٹرائل میں دکھائی گئی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی خواتین کی کشتی میں صلاحیت اور گہرائی کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منتخب پہلوان سینئر عالمی چیمپئن شپ اور انڈر-23 عالمی چیمپئن شپ میں ملک کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔
ٹرائل میں ہریانہ کا غلبہ دیکھنے کو ملا۔ ہریانہ کی کئی پہلوانوں نے اپنے اپنے وزن کے زمروں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مہاراشٹر کی پہلوانوں نے بھی کئی وزن کے زمروں میں مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد اب ہندوستانی پہلوان قومی کیمپ میں حصہ لیں گی۔ اس کے بعد ٹیم امریکہ روانہ ہوگی، جہاں ہندوستانی خواتین پہلوان انڈر-23 عالمی چیمپئن شپ میں دنیا کی سرفہرست نوجوان پہلوانوں کے خلاف چیلنج پیش کریں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ